اراضی کاروبار میں رقمی لین دین کا تنازعہ ۔ پولیس کی بھاری جماعت تعینات۔ اعلی عہدیداروں کی آمد۔ فائرنگ کی تردید
حیدرآباد 8 فبروری ( سیاست نیوز ) یوسف ٹیکری ٹولی چوکی علاقہ میں آج رات اس وقت سنسنی دوڑ گئی جب وہاں رقمی لین دین کے مسئلہ پر ایک سیاسی جماعت کے دو گروپس میں ٹکراؤ ہوگیا اور ایک فریق نے چھ راونڈ ہوائی فائرنگ کردی ۔ تاہم پولیس نے فائرنگ کی تردید کردی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دونوں ہی گروپس کے افراد اراضیات کے کاروبار کرتے ہیں اور معاملہ فہمی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ٹولی چوکی سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ کا تعلق جماعت کے بڑے لیڈر سے تو گولکنڈہ سے تعلق رکھنے والے دوسرے گروپ کا تعلق چھوٹے لیڈر سے ہے ۔ چھوٹے لیڈر سے تعلق رکھنے والے گروپ کے افراد بڑے لیڈر سے تعلق رکھنے والے فرد کے مکان پہونچے اور ایک اراضی معاملہ کی رقم ادا کرنے کیلئے اصرار کیا ۔ دونوں گروپس کے مابین بات چیت کے دوران اچانک تکرار اور بحث شروع ہوگئی جو شدت اختیار کرگئی ۔ اس گرما گرمی کے دوران ایک گروپ نے کچھ افراد کو وہاں طلب کرلیا اور ہنگامہ آرائی کرنے لگے جس دوران بڑے لیڈر سے تعلق رکھنے والے فرد نے اچانک ہی چھ راونڈ ہوائی فائرنگ کردی ۔ اس سارے ہنگامہ کے دوران سارے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور عوام میں دہشت دیکھی گئی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلی عہدیدار فوری وہاں پہونچ گئے ۔ کہا گیا ہے کہ دورہ کرنے والوں میں ڈپٹی کمشنر پولیس ‘ متعلقہ اے سی پی اور انسپکٹر پولیس ہمایوں نگر بھی شامل تھے تاہم کسی بھی عہدیدار نے فائرنگ کی تردید کی ۔ پولیس کی بھاری جمیعت کو علاقہ میں متعین کردیا گیا اور ٹاسک فورس ٹیمیں بھی علاقہ میں گشت کرنے لگیں ۔ جب اعلی عہدیداروں کی موجودگی اور پولیس کی بھاری جمیعت کی تعیناتی سے متعلق سوال کیا گیا تو بتایا گیا کہ انہیں بھی ڈائیل 100 پر ہنگامہ اور فائرنگ کی اطلاع ملی تھی ۔ وہ حالات سے واقفیت حاصل کرنے وہاں پہونچے تھے اور جانچ پڑتال کے بعد فائرنگ کی اطلاع درست نہیں پائی گئی ۔ ڈیٹیکٹیو انسپکٹر ہمایوں نگر بالا کشن نے بتایا کہ ہجوم جمع ہونے کی اطلاع پر وہ وہاں پہونچے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ علاقہ میں کوئی فائرنگ نہیں ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ دو گروپس میں 300 گز اراضی کے مسئلہ پر کوئی تنازعہ تھا ۔ انسپکٹر نے کوئی ہتھیار ضبط کرنے کی تردید کی تاہم ایک پولیس اہلکار کو ہتھیار کا بیاگ لیجاتے دیکھا گیا ۔متعلقہ رکن اسمبلی کی میٹنگ میں موجودگی پر متضاد اطلاعات ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ وہ میٹنگ میں موجود تھے تاہم پولیس نے کہا کہ رکن اسمبلی نے اطلاع ملنے پر دورہ کیا تھا۔