مہلوکین میں دو حقیقی بھائی بھی شامل ، اندوہناک واقعہ سے علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ ٹولی چوکی میں پیش آئے افسوسناک واقعہ میں تین نوجوان فوت ہوگئے۔ برقی شاک کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔ فوت ہونے والوں میں دو حقیقی بھائی بتائے گئے ہیں جو واٹر سمپ کی صفائی میں مصروف تھے اور گھر میں طاق راتوں کی تیاری جاری تھی۔ اس اندوہناک واقعہ کے بعد شہر بھر میں سنسنی پھیل گئی اور ٹولی چوکی پیراماؤنٹ کالونی اور آس پاس کے علاقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔یہ واقعہ کل رات دیر گئے پیش آیا۔ دو بھائی کی خیریت دریافت کرنے پہنچا ان کا ساتھی بھی موت کی آغوش میں چلا گیا۔ جو پہلے ان دونوں بھائیوں کو دیکھ کر زور دار چیخ ماری اور پھر اپنے ساتھیوں کو بچانے کی فکر میں خود بھی موت کو گلے لگا بیٹھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سانحہ میں تین لڑکے 15 سالہ سید انس، 16 سالہ رضوان اور 16 سالہ رزاق فوت ہوگئے۔ رضوان اور رزاق بھائی تھے اور انس ان کا ساتھی جو ایک عمارت میں رہتے تھے۔ رضوان اور رزاق محمد محبوب کے بیٹے تھے اور سید انس سید بشیر الدین کا بیٹا تھا۔ طاق راتوں کے اہتمام اور عیدالفطر کی تیاری میں مصروف ان خاندانوں کیلئے زندگی بھر کا غم ان کا نصیب بن گیا۔ ذرائع کے مطابق مرحوم بچوں کے والدین سکتہ کا شکار ہیں۔ آج ایک ہی اپارٹمنٹ سے تین اموات سے سارا علاقہ غم میں ڈوب گیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی مقامی کارپوریٹر راشد فراز الدین نے پیراماونٹ کالونی پہنچ کر محمد محبوب اور سید بشیر الدین کو دلاسہ دیا اور ساری قانونی کارروائی تک متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رہے۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد بنجارہ ہلز پولیس نے ضابطہ کی کارروائی انجام دی اور بعد پوسٹ مارٹم میتوں کو ورثاء کے حوالے کردیا۔ دونوں بھائیوں رضوان اور رزاق کی میتوں کو حسینی علم ان کے آبائی مقام منتقل کیا گیا اور انس کی نعش کو چنچل گوڑہ منتقل کیا گیا۔ محمد محبوب ڈھائی سال قبل حسینی علم سے پیراماونٹ کالونی منتقل ہوئے تھے۔ رضوان انٹر میڈیٹ اور رزاق دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔ یہ دونوں اپنے مکان میں موجود موٹر کی خرابی کے سبب واٹر سمپ کی صفائی میں مشغول تھے اس دوران ان دونوں بھائیوں نے برقی تار جو کھلا پڑا ہوا تھا اس پر توجہ نہیں دی اور اس سے غافل تھے جو ان کی موت کا فرمان ثابت ہوا۔ دونوں لڑکوں کی عدم موجودگی سے پریشان ان کی والدہ نے انس سے دریافت کیا اور انس نے اپنے ساتھیوں کو جب دیکھا کہ وہ سمپ میں پڑے ہوئے ہیں زور دار چیخ ماری اور اس خوفناک چیخ کے بعد انس دونوں کو بچانے کیلئے سمپ میں دوڑا جو برقی شاک کی زد میں آگیا اور تینوں ہلاک ہوگئے۔ پولیس بنجارہ ہلز نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع