ٹولی چوکی میں زیر تعمیر عمارت سے گر کر 2 مزدور ہلاک۔ 3 زخمی

   

ایک کار اور دو آٹوز کو بھی نقصان ۔ G+2 کی اجازت لے کر چھ منزلہ عمارت تعمیر کی جا رہی تھی

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) ٹولی چوکی میں زیرتعمیر عمارت سے گرکر 2 مزدور ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ٹولی چوکی نظام کالونی میں یہ حادثہ آج شام پیش آیا۔ افطار سے قبل مصروف ترین اوقات میں پیش آئے اس حادثہ کے سبب شہریوں میں خوف پیدا ہوگیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس اور ریلیف ٹیمیں موقع واردات پر پہونچ گئیں اور راحت کاری اقدامات کو انجام دیا۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ملبہ کی جانچ کی گئی۔ عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور مزدور بلندی سے گر پڑے اور ملبہ کی زد میں آگئے۔ 2 مزدور موقع واردات پر ہی ہلاک ہوگئے۔ متوفی مزدوروں کی شناختی تروپتی راؤ اور آدی نارائنا کی حیثیت سے کرلی گئی جبکہ دیگر 3 زخمیوں میں آر رمیش ساکن سریکاکلم، ایم رمیش ساکن اڈیشہ اور 50 سالہ شیخ لعل احمد ساکن اسماعیل نگر بتائے گئے ہیں۔ اس عمارت کے منہدم ہونے کے سبب ایک کار اور دو آٹوز تباہ ہوگئے۔ بتایا گیا کہ ایک 6 منزلہ زیر تعمیر عمارت پر مزدور کام کررہے تھے۔ عمارت کی تعمیر کیلئے تیار کردہ گوا لکڑیوں کا عارضی ڈھانچہ اچانک ٹوٹ گیا جس پر کام کررہے مزدور بلندی سے نیچے گر پڑے۔ ایک طرف گوا اور فرش کی مار تو دوسری طرف بلندی سے ملبہ ان زخمیوں پر گر پڑا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے مقام واردات پہونچ کر مقدمہ درج کرلیا۔ زخمیوں کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور نعشوں کو سرکاری دواخانہ منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شیخ پیٹ تحصیلدار نے بھی عمارت کا معائنہ کیا اور بتایا کہ عمارت کی تعمیر جاری تھی۔ 6 منزلہ عمارت کو تعمیر کیا جارہا ہے جبکہ صرف G+2 کی اجازت لی گئی اور باقی عمارت کو غیر مجاز تعمیر کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا کہ عمارت کو جلد ضبط کرلیا جائے گا۔ چونکہ عمارت کی تعمیری اجازت حاصل نہیں کی گئی اور غیر مجاز تعمیر کرکے مزدوروں کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ پولیس اور ریونیو حکام معاملہ کی سنجیدگی سے تحقیقات کررہے ہیں۔ اطلاع پر بی آر ایس قائدین ایم ایل سی ڈی شراون اور آر ایس پروین کمار نے یہاں پہونچ کر حالات کا جائزہ لیا اور حادثہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع