حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : روڈ ڈیولپمنٹ پلان (RDP) کے حصہ کے طور پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے ٹولی چوکی میں تین بڑے آر ڈی پی کو منظوری دی ہے۔ اس پلان سے زیادہ کنیکٹویٹی کی راہ ہموار ہوگی اور ٹولی چوکی کے علاقوں میں ترقی ہوگی ۔ اس کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس علاقہ میں زیادہ تر عمارتوں کو منہدم کردیا اور جائیداد مالکین کو نوٹسیس جاری کئے ۔ اس میں سڑک کشادگی کا کام ٹولی چوکی چوراہا پر لمرا ہوٹل جنکشن سے براہ حکیم پیٹ ، ثنا ہوٹل تا ایم ایل اے کالونی بنجارہ ہلز تیزی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے ۔ حصول اراضی کے بعد عہدیداروں نے حکیم پیٹ میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا ہے اور انہدامی کارروائی جلد ہی مکمل ہوجائے گی ۔ عہدیداروں کے بموجب جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑک کشادگی کے کاموں کی انجام دہی کا مقصد حکیم پیٹ کے اہم مقامات تا ایم ایل اے کالونی بنجارہ ہلز اور ایم ڈی لائنس تا آندھرا فلور مل براہ ملٹری ایریا اور ٹولی چوکی فلائی اوور کے علاوہ لمرا ہوٹل تا موتی دروازہ ، گولکنڈہ براہ محمدی لائنس بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کرنا ہے ۔ اس دوران یہ سڑک تنگ ہوگئی ہے کیوں کہ حالیہ برسوں میں یہاں گاڑیوں کی آمد و رفت میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ سڑک کشادگی سے نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ ٹرافک سے بچنے کے خواہاں اشخاص کے لیے زیادہ مواقع بھی ہوں گے ۔ یہ کنیکٹنگ روڈس دیگر قریبی علاقوں کو جانے والوں کے لیے آسانی کے راستے ہوں گے اور اگر اس سڑک کی چوڑائی کو موجودہ 40 فیٹ سے دو گنا کرتے ہوئے 80 فیٹ کیا گیا تو سفر کے وقت میں کافی کمی ہوگی ۔ نانل نگر ڈیویژن کارپوریٹر محمد نصیر الدین نے کہا کہ ان سڑکوں کو کشادہ کرنے سے یہاں زیادہ گاڑیاں چل پائیں گی اور ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی ہوگی ۔ حصول اراضی کے عمل کے سلسلہ میں بعض جائیدادوں کو منہدم کیا گیا ۔ جو حکیم پیٹ ، بنجارہ ہلز ایم ایل اے کالونی اسٹریچ میں سڑک اور فٹ پاتھس پر غیر قانونی قبضہ کئے گئے تھے عہدیداروں نے جائیداد مالکین کو نوٹسیس جاری کئے ہیں اور انہدامی کارروائی کی جائے گی ۔ ٹولی چوکی میں باقی عمارتوں کو آئندہ دنوں میں منہدم کیا جائے گا ۔ فی الوقت ان اسٹریچس میں سڑکیں 50 فیٹ ، 40 فیٹ ، 30 فیٹ اور 30 فیٹ سے بھی کم چوڑائی کی ہیں ۔ سڑک کشادگی کے بعد یہ سڑکیں 80 فیٹ کی ہوجائیں گی ۔ جن پر زیادہ گاڑیوں کی گنجائش ہوگی ۔ اس طرح ٹرافک جام کا مسئلہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکیم پیٹ ، بنجارہ ہلز ، ٹولی چوکی چوراہا ، سات گنبد روڈ ، ایم ڈی لائنس ، آندھرا فلورمل کے کام شروع ہوچکے ہیں ۔ بنجارہ ہلز جانے کے لیے ٹولی چوکی روٹ اختیار کرنے والوں نے اس سڑک پر کئے جارہے ترقیاتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا کیوں کہ اس سے سفر کے وقت میں کمی ہوگی ۔ ٹولی چوکی کے ساکن محمد عبدالجبار نے کہا کہ میں پابندی سے اس روٹ سے سفر کرتا ہوں کیوں کہ ٹولی چوکی سے یہ روٹ براہ حکیم پیٹ تا ایم ایل اے کالونی بنجارہ ہلز بہت کم فاصلہ پر مشتمل روٹ ہے جس میں ٹریفک کے مسائل نہیں ہوں گے ۔ سڑک کشادگی کے اس کام سے یقینا اس سڑک پر ٹرافک کا مسئلہ نہیں رہے گا ۔۔