ٹولی چوکی میں نوجوان کا بہیمانہ قتل

   

حیدرآباد۔ ٹولی چوکی کے علاقہ میں ایک نوجوان کے قتل کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ 26 سالہ شیخ عبدالرزاق جو کل رات سے لاپتہ تھا۔ عبدالرزاق ہر روز اپنی والدہ کو ہاسپٹل ڈراپ کرتا تھا اور یہ روزانہ کا معمول تھا۔ یہ نوجوان ٹولی چوکی کے علاقہ سات گنبد روڈ کا ساکن بتایا گیا ہے جس کی نعش ایم اے ایل کالونی کے قریب سنسان علاقہ سے پولیس کو دستیاب ہوئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عبدالرزاق نے کل رات آخری مرتبہ اپنی والدہ ڈاکٹر عظمیٰ سے بات کی تھی جو عطا پور کے علاقہ میں سرکاری خدمات انجام دیتی ہیں۔ پولیس بنجارہ ہلز کے مطابق عبدالرزاق کی والدہ اس کے والد سے 4 سال قبل علحدگی اختیار کرلی تھی۔ مقتول کی پانچ سال قبل شادی ہوئی تھی۔ میاں بیوی میں تلخیاں اور روزانہ کے لڑائی جھگڑے سے تنگ آکر عبدالرزاق کی بیوی نے اس کا گھر چھوڑ دیا تھا جن کی ایک لڑکی بھی بتائی گئی ہے۔ پولیس بنجارہ ہلز کے مطابق عبدالرزاق کی بیوی دو سال قبل گھر سے چلی گئی تھی۔ کل رات والدہ کو گھر چھوڑنے کے بعدعبدالرزاق مکان سے باہر گیا اور رات دیر گئے تک گھر واپس نہ آنے پر ان کی والدہ پریشان ہوگئیں اور اپنے بیٹے کو مسلسل فون کیا تاہم اس کا جواب نہ آنے پر وہ سو گئیں۔ صبح انہیں فون پر اس واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ پولیس بنجارہ ہلز نے فوری مقام واردات پہنچ کر معائنہ کیا اور ابتدائی تحقیقات کے بعد مقتول کی والدہ کی اطلاع کے مطابق عبدالرزاق کے ساتھی پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ تاہم پولیس کو ابھی تک قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ پولیس بنجارہ ہلز مصروف تحقیقات ہے۔