چکن کی اشیاء آرڈر کی گئی تھیں۔ گاہکوں کو منانے اور علاج کے اخراجات برداشت کرنے مالکین کا تیقن
حیدرآباد /14 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاست میں جہاں ایک طرف برڈ فلور کا خطرہ بڑھ گیا ہے تو دوسری طرف شہر کے ایک ریسٹورنٹ کی غذا استعمال کرنے سے درجنوں افراد شدید متاثر ہوگئے ۔ جن کا شہر کے مختلف دواخانوں میں علاج جاری ہے۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے ایک واقعہ کی ابھی تک شکایت نہیں کی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق متاثرین کو منانے اور ان کے اخراجات کو برداشت کرنے کی ضمانت دی گئی ہے اور جس ریسٹورنٹ کی غذاء استعمال کرنے سے شہری جن میں بچوں کی اکثریت پائی جاتی ہے ‘متاثر ہوئے ہیں اس ریسٹورنٹ کے پارٹنر کا تعلق سیاسی قائد سے بتایا جاتا ہے ۔ شہر کے علاقہ ٹولی چوکی میں واقعہ ریسٹورنٹ سے برگر ، پیزا ، مندی اور دیگر چکن اشیاء استعمال کرنے والے افراد شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ گذشتہ تین تا چار دنوں سے ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی تھی ۔ اور ان کی صحت کے متعلق افراد خاندان کافی تشویش کا شکار تھے ۔ ایسے واقعات سے بلدی حکام کی کاروائی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں۔ ان علاقوں میں موجود ہوٹل ریسٹورنٹ پر بلدی حکام کی عدم دلچسپی اور اے ایم ایچ او پر مجرمانہ غفلت اور عمدا لاپرواہی کے الزامات بھی لگائے جارہے ہیں۔ ریسٹورنٹ کی بھرمار اور اسٹریٹ فوڈ کی غیر معیاری سپلائی اور تیاری پر ٹھوس اقدامات کی شہریوں کی جانب سے درخواست کی جارہی ہے اور کمشنر بلدیہ کو چاہئے کہ وہ ایسے واقعات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے مقامی متعلقہ ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کرے جو اس طرح کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ع