ٹولی چوکی کے شاپنگ مال میں آتشزدگی ، شارٹ سرکٹ کا شبہ

   

حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹولی چوکی علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں شاپنگ مال کا حصہ جزوی طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹولی چوکی چوراہا پر واقع مسکان شاپنگ مال سے آج صبح 9 بجے دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر مقامی عوام نے پولیس کنٹرول روم 100 کو اطلاع دی اور کچھ ہی دیر میں گولکنڈہ پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی۔ شاپنگ مال کی پہلی منزل میں آگ لگنے کے نتیجہ میں پولیس نے چار فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا اور دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوگیا تھا۔ پولیس کو شبہ ہیکہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ شاپنگ مال کے سوئچ بورڈ میں نصب کئے گئے تاروں میں شارٹ ہونے کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے کیونکہ آج اتوار ہونے کی وجہ سے شاپنگ مال نہیں کھولا گیا تھا جبکہ مال میں موجود ملبوسات مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔ گولکنڈہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس واقعہ کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔