ٹول ٹیکس اور تلاشی سے بچنے کی کوشش میں نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) ٹول ٹیکس اور پولیس تلاشیوں سے بچنے کیلئے ایک 27 سالہ بزنس مین نے اپنی کار کے نمبر پلیٹ پر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر لکھنے کے بجائے’’ اے پی سی ایم جگن ‘‘ کندہ کروالیا لیکن وہ پولیس کے شکنجہ سے بچنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ پولیس نے کہا کہ اس نوجوان کو 19 اکٹوبر کے روز جیڈی میٹلہ کے قریب اسوقت پولیس کی تلاشی مہم کے دوران پکڑ لیا گیا جب یہ دیکھا گیا کہ وہ ایک کار چلارہا تھا جس کے سامنے اور پیچھے کے نمبر پلیٹس پر رجسٹریشن نمبر غائب تھا اور صرف ’’ اے پی سی ایم جگن ‘‘ ( آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ) کندہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ یہ کار آندھرا پردیش میں رجسٹرڈ کی گئی تھی لیکن اس پر رجسٹریشن نمبر درج نہیں تھا۔ یہ نوجوان آندھرا پردیش کے کاکیناڈا کا ساکن بتایا گیا ہے جو یہاں ( حیدرآباد میں ) مقیم تھا اور کار آندھرا پردیش میں رہنے والے اس کے چچا کی بتائی گئی ہے۔