ٹول پلازا پر 20 سے زائد گاڑیاں جمع ہونے پر ٹیکس کی عدم وصولی

   

یکم اپریل سے نئے قانون پر عمل آوری ، نئی کمپنی کو ذمہ داری ، ایچ ایم ڈی اے کا فیصلہ

حیدرآباد۔3، مارچ(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے بنائے گئے نئے قواعد کے مطابق شہر حیدرآباد کے اطراف موجود ٹول پلازہ پر اگر 20گاڑیوں کی لائن جمع ہوجائے تو ٹول ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا اور اس قانون کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔ شہر حیدرآباد کے اطراف ایچ ایم ڈی اے حدود میں ٹول ٹیکس کی وصولی کا کنٹراکٹ نئی کمپنی کو دیا گیا ہے جس نے 24کروڑ 29لاکھ ماہانہ کی کامیاب بولی لگاتے ہوئے یکم مارچ سے ٹول ٹیکس کی وصولی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے او ر کہا جا رہاہے کہ نئے کنٹراکٹ کے ساتھ شہر حیدرآباد آؤٹر رنگ روڈ پر موجود ٹول پلازہ پر نئے شرائط کے ساتھ یہ کنٹراکٹ حوالہ کیا گیا ہے اور ان شرائط کے اعتبار سے آؤٹر رنگ روڈ پر کسی بھی ٹول پلازہ پر اگر 20گاڑیوں کی قطار لگ جاتی ہے تو ایسی صورت میں بغیر ٹول کی وصولی کے لئے راہ ہموار کرنی ہوگی ۔ عہدیداروں کے مطابق اس شرط کا مقصد ٹول پلازہ پر ٹیکس کی وصولی میں عجلت کرنے کے علاوہ حرکیاتی عملہ کے تقرر اور عوام کو رنگ روڈ کے سبب حاصل سہولت سے محروم ہونے سے بچانا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے شعبہ دی حیدرآباد گروتھ کاریڈور لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یکم مارچ سے 19 ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس کی وصولی کی ذمہ داری ایگل انفرا لمیٹڈ کو تفویض کی گئی ہے اور شمس آباد اور نانک رام گوڑہ میں دو نئی راہداریوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نانک رام گوڑہ اور شمس آباد میں کی جانے والی ان نئی راہداریوں کی تعمیر کے لئے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے قانون حصول جائیداد کا استعمال کرتے ہوئے جائیدادوں کے حصول کو یقینی بنایاجائے گا تاکہ عوامی سہولت کے لئے بہتر انتظامات کئے جاسکیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ ایگل انفرا کے ذمہ داروں نے بتایا کہ وہ بغیر گاڑی روکے آٹومیٹک ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو متعارف کروانے کے سلسلہ میں اقدامات کر رہے ہیں اور ان تمام 19 ٹول ٹیکس پلازہ پر فی الحال کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کا نظام موجود ہے اس کے علاوہ آؤٹر رنگ روڈ کا زیادہ استعمال کرنے والوں کے لئے آ ر ایف آئی ڈی کی سہولت روشناس کروانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ایگل انفرا کے ذمہ داروں کو تاکید کی گئی ہے کہ ٹول پلازہ پر عوامی سہولیات کی فراہمی میں بھی کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے اور مسافرین کو زیادہ دیر تک ٹول پلازہ پر روکنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔