10 سکنڈ سے زیادہ توقف پر ٹول ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا
حیدرآباد۔31جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے ٹول پلازہ کے قریب رہنے والے مکینوں کو ان کے آدھار کارڈ کی بنیاد پر پاس جاری کئے جائیں گے اور انہیں ٹول پلازہ پر کوئی فیس ادا کرنی نہیں ہوگی۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ مسٹر نتن گڈکری نے ایک پروگرام کے دوران حکومت کی مجوزہ پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہوں کے قریب رہنے والے مکینوں کو جنہیں ٹول پلازہ کو عبور کرنا ہوتا ہے انہیں پاس جاری کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ قومی شاہراہ پر 60کیلو میٹر کے بعد ٹول پلازہ تعمیر کئے جائیں گے ۔ مسٹر نتن گڈکری نے ٹول پلازہ کے درمیان فاصلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق قومی شاہراہ پر ایک ٹول پلازہ سے دوسرے ٹول پلازہ کے درمیان 60 کیلو میٹر کا فاصلہ ہوگا جبکہ ملک کی مختلف ریاستوں سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ قومی شاہراہوں پر 60 کیلو میٹر کے دائرہ میں ہی ٹول پلازہ کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی میں فاسٹ ٹیاگ کے لزوم کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہ پر ٹریفک کو بحال رکھنے کے لئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت اگر ٹولا پلازہ پر گاڑی کو 10 سکنڈ سے زیادہ توقف کرنا پڑتا ہے تو ایسی صورت میں اس گاڑی سے کوئی ٹول وصول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ٹول وصول کرنے والی ایجنسی اس بات کی مجاز ہوگی کہ وہ 10 سکنڈ سے زیادہ انتظار کرنے والی گاڑی سے ٹول ٹیکس وصول کرے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے مطابق ان رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری شروع کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت کی جانب سے قومی شاہراہوں کے استعمال کرنے والوں کے لئے GNSS سیٹلائٹ سسٹم کی بنیاد پر ٹول کی وصولی عمل میں لائی جائے گی جو کہ 60کیلو میٹرکی مسافت کے بعد ہی ٹیکس منہاء کرنے کا ذریعہ ہوگا۔وزارت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی وصولی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اسی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے کہ ملک بھر میں 60کیلو میٹر کی مسافت کے بعد ہی ٹول ٹیکس بوتھ تعمیر کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک گاڑی کے لئے ایک مخصوص فاسٹ ٹیاگ حاصل کرنا لازمی ہے ایک ہی فاسٹ ٹیاگ ایک سے زائد گاڑیوں کے لئے استعمال کرنا درست نہیں ہے بلکہ اسے غیر قانونی قراردیا گیا ہے۔ ٹول بوتھ پر قطار کی حد مقرر کرتے ہوئے اسے 100 میٹر کیاگیا ہے تاکہ اس دائرہ سے ٹریفک کے بہاؤ کا فیصلہ کیا جاسکے ۔3