ٹوکیواولمپک تیاری کیلئے بنگلورو میں ٹریننگ

   

محتاط طورپر تربیت حاصل کررہی ہیں مرد اور خاتون ہاکی ٹیمیں

بنگلور،22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی مرد اور خاتون ہاکی ٹیمیں کورونا وائرس کے خطرے کے باوجود مکمل احتیاط کے ساتھ اپنی اولمپک ٹریننگ کر رہی ہیں۔مرکزی وزارت کھیل نے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے تمام مرکز اگلے حکم تک بند کر دیئے ہیں اور صرف وہی کیمپ جاری ہیں جہاں اولمپک تیاری کی ٹریننگ چل رہی ہے۔ ہندوستانی مرد اور خاتون ہاکی ٹیموں کو ٹوکیو اولمپک میں بالترتیب نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کے خلاف 25 جولائی کو مقابلوں سے اپنی شروعات کرنی ہے۔بنگلور میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے مرکز میں چل رہے اس کیمپ میں کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف تمام ضروری احتیاط برت رہا ہے۔ کھلاڑیوں اور عملے کے لئے ضروری سامان رکھے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی صحت کا دھیان رکھیں۔ کسی بھی غیر مجاز شخص کو احاطے میں داخلہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ہندستانی مرد ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے کہاکووڈ -19 کا ہمارے مشق سیشن پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ ہم مسلسل اپنے ہاتھ دھوتے ہیں اور درجہ حرارت کی روز جانچ کر رہے ہیں۔ کیمپ میں افسر اس بات کو یقینی کر رہے ہیں کہ ہم محفوظ ماحول میں ٹریننگ کریں۔ہندستانی خاتون کپتان رانی نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم خوش قسمت ہے جو اتنے محفوظ ماحول میں اولمپک کی تیاری کر رہی ہے۔ رانی نے کہاکہ ہماری صحت کی افسران روزانہ جانچ کر رہے ہیں اور ہم اپنی ٹریننگ میں تمام ضروری احتیاط برت رہے ہیں۔ہندستان کی مرد اور خاتون ہاکی ٹیموں نے گزشتہ نومبر میں بالترتیب روس اور امریکہ کو ہراکر ٹوکیو اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ ٹوکیو اولمپک کے لئے ہندستانی ہاکی ٹیموں کی تیاریاں کورونا سے متاثر ہوئے بغیر ہموار طور پر چل رہی ہیں۔اس مہینے آٹھ مارچ کو ہاکی انڈیا نے اپنے تیسرے ہاکی انڈیا سالانہ ایوارڈز کی تقریب کو منعقد کیا تھا جس میں ہندستانی کپتانوں من پریت سنگھ اور رانی کو سال 2019 کے بہترین کھلاڑی کے خطاب سے نوازا گیا تھا جبکہ تین بار کے اولمپین و یروندر سنگھ کو لائف ٹائم اچیومنٹ اعزاز پیش کیا گیا تھا۔ تقریب میں ہندستانی ٹیموں کے تمام کھلاڑی موجود تھے۔مرکزی وزیر کھیل اورہندستانی اولمپک ایسوسی ایشن اور بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا اور ہاکی انڈیا کے صدر محمد مشتاق احمد تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بترا نے کہا تھاکہ ہمیں اپنی دونوں ہاکی ٹیموں سے اس بار ٹوکیو اولمپک میں کافی امیدیں ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ یہ ٹیمیں پوڈیم پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گی اور ملک کے لئے تمغہ جیتیں گے۔ایک طرف جہاں ہندستانی ٹیمیں محفوظ ماحول میں اپنی اولمپک تیاریوں کو مضبوطی دینے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے اپنی پرو ہاکی لیگ کو 17 مئی تک ملتوی کر دیا ہے۔ایف آئی ایچ نے کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے پرو لیگ کو پہلے 15 اپریل تک ملتوی کیا تھا لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس نے پرو لیگ کو دوبارہ 17 مئی تک ملتوی کر دیا۔ایف آئی ایچ نے عالمی ادارہ صحت کی ایڈوائزری اور دیگر ممالک کی طرف سے کورونا کو لے کر اٹھائے گئے اقدامات کے پیش نظر اور تمام قومی ایسوسی ایشن کے تعاون سے پرو لیگ کا التوا15 اپریل سے بڑھاکر 17 مئی تک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ایف آئی ایچ نے کہا ہے کہ 17 مئی تک کوئی میچ نہیں ہوگا اور ایف آئی ایچ حالات پر مسلسل نظر رکھے گا۔