ٹوکیو اولمپکس شیڈول کے مطابق ہوں گے :وزیر اعظم جاپان

   

Ferty9 Clinic

ٹوکیو۔ 15مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے سبب اس سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد سے متعلق شک کے درمیان جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے کہا ہے کہ اولمپک اپنے طے پروگرام کے مطابق ہی ہوں گے ۔ٹوکیو اولمپکس کو 24 جولائی سے نو اگست تک منعقد کیا جانا ہے لیکن عالمی وبا بن چکے کورونا وائرس کا کھیل کی دنیا پر گہرا اثر پڑا ہے اور اس کے سبب مختلف کھیلوں کے کئی ٹورنامنٹوں کو ملتوی کردیا گیا ہے جس کے بعد اولمپکس کے انعقاد کو لے کر شک پیدا ہو گیا ہے ۔آبے نے ٹوکیو میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم اس وائرس پر قابو پا لیں گے اور اولمپک بغیر کسی پریشانی کے اپنے طے پروگرام کے مطابق منعقد کریں گے ۔ جاپان کے وزیر اعظم کا یہ تبصرہ ٹوکیو اولمپک منتظمین کے اس اعلان کے بعدمنظر عام پر آیا کہ اولمپک مشعل ریلے کا یونان مرحلہ منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ٹوکیو اولمپک کی سرکاری ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ آئی او سی اور ٹوکیو 2020 قریبی تعاون کریں گے اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ ایک محفوظ اولمپکس منعقد کئے جا سکیں اور 24 جولائی کو اس کا طے شدہ پروگرام کے مطابق افتتاحی تقریب منعقد ہو۔”مشعل ریلے کا جاپان مرحلہ 26مارچ کو فوکوشیما میں شروع ہونا ہے اور آبے کا کہنا ہے کہ یہ اپنے پروگرام کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اولمپک مشعل جاپان پہنچے گی اور میں اولمپک مشعل ریلے کا آغاز دیکھنے کے لئے فوکوشیما جاؤں گا۔اس دوران ٹوکیو گورنر یوریکو کوکے نے کہاکہ ہم کورونا کے انفیکشن پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں تاکہ مشعل ریلے کو جاپان میں بغیر کسی پریشانی کے منعقد کیا جا سکے ۔ جاپان میں کورونا وائرس کے 1400 سے زیادہ کیس ہیں جن میں 28 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔