ٹوکیو اولمپکس میں میڈلس حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو چیف منسٹر کے سی آر کی مبارکباد

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ٹوکیو اولمپکس میں ہاکی، باکسنگ اور کشتی میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے بہتر مظاہرے اور میڈلس جیتنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ ہاکی اور باکسنگ کے زمرے میں ہندوستان کو برانز میڈل جبکہ کشتی میں سلور میڈل حاصل ہوا۔ چیف منسٹر نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے 41 سال کے وقفے کے بعد کسی بین الاقوامی مقابلے میں میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان کا قومی کھیل ہاکی بین الاقوامی سطح پر اپنی کھوئی ہوئی عظمت کو دوبارہ بحال کرے گا۔ چیف منسٹر نے ہندوستانی ہاکی ٹیم بالخصوص کپتان من پریت کو میڈل حاصل کرنے کے لیے سخت محنت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آسام سے تعلق رکھنے والی باکسر لولینا بورگوبین کو برانز میڈل کے لیے مبارکباد پیش کی جنہوں نے پہلی بار اولمپکس کے باکسنگ زمرے میں حصہ لیتے ہوئے ملک کے لیے میڈل جیتا ہے۔ لولینا کی جانب سے جاریہ اولمپکس میں میڈل حاصل کرنے والی تیسری کھلاڑی کا اعزاز ملنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی کھلاڑی اسی جذبے کے ساتھ عمدہ مظاہرہ کریں گے اور مزید میڈلس جیت کر فتح کا جھنڈا لہرائیں گے۔ چیف منسٹر نے کشتی کے مقابلوں میں ہندوستانی رسلر روی کمار کو سلور میڈل حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سلور میڈل کے ذریعہ دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔