ٹوکیو۔8 جون (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس پر رواں سال کے آخر تک قابو نہیں پایا گیا تو ٹوکیو اولمپکس کے حوالے سے آئندہ مارچ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آئی او سی کے ایک اعلیٰ عہدیدار پیری اولیویر بیکرزنے کہا ہے کہ اولمپکس2021 میں منعقد ہوگا یا بالکل نہیں، اس بارے میں اب تک صورت حال غیر یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی زیادہ لاگت اور اس میں شامل ہزاروں افرادکو مد نظر رکھتے ہوئے اس گیمز کو مزیدآگے بڑھاتے رہنا ناقابل فہم ہے۔ بیکرزکے مطابق ٹوکیو سے متعلق حتمی فیصلہ موسم بہار میں لیا جائے گا تاہم ہم کھیلوں کے انعقاد کیلئے پر امید ہیں اور ہوسکتا ہے کہ یہ پہلے اولمپکس گیمز ہوں جو بند دروازوں کے پیچھے ہوں۔ تماشائیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی، کورونا قابو میں نہیں آیا تو پھرکھلاڑیوں، عہدیداروں اورمیڈیا نمائندوںکو سنبھا لنا مشکل پڑجائے گا۔ اولمپکس گیمز رواں سال سے ملتوی کر کے آئندہ سال جولائی میں کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔