ٹوکیو اولمپکس کا آج آغاز، ہندوستان کا ریکارڈ بہتر ہونے کی امید

   

ٹوکیو : کورونا بحران کے دوران ٹوکیو اولمپکس 2020 ء کا کل یہاں ایک سادہ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہورہا ہے ۔ افتتاحی تقریب ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4.30 بجے ہوگی۔ افتتاحی تقریب نوتعمیر کردہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگی۔ جاپان نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اولمپکس میں اقدامات کئے گئے ہیں اور مقابلے شائقین سے خالی اسٹیڈیمس میں منعقد ہوں گے ۔ افتتاحی تقریب میں ہر ملک سے صرف 6 عہدیداروں کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کھلاڑیوں کو اس تقریب سے دور رکھا گیا ہے تاکہ ہجوم کو بڑھنے نہ دیا جائے اور صحت کے متعلق کسی بھی جوکھم کو نہیں اٹھایا جائے گا ۔ ہندوستانی شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو پریڈ کے دوران دیکھ سکیں گے ۔ پریڈ کے دوران ہندوستانی جتھے کا نمبر 21 ہے کیونکہ یہ جاپانی حرف تہجی کے مطابق رکھا گیا ہے ۔ اس مرتبہ ہندوستان نے اولمپکس کے لئے اپنے سب سے بڑے جتھے کو روانہ کیا ہے جس میں 228 افراد شامل ہیں۔ ہندوستان کی 22 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 127 اتھلیٹس 18 مختلف زمروں میں میڈل کے لئے مقابلہ کریں گے ۔ نشانہ بازی ، اتھلیٹکس ، باکسنگ ، فینسنگ ، گول، جمناسٹکس ، ہاکی ، جوڈو ، روئنگ ، شوٹنگ ، سیلنگ ، سوئمنگ ، ٹیبل ٹینس، ٹینس ، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں ہندوستانی کھلاڑی میدان میں موجود رہیں گے۔ ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان سے 85 میڈلس کی ممکنہ فتوحات کی امید کی جارہا ہے۔ وزیر اسپورٹس انوراگ ٹھاکر نے کھلاڑیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔