حیدرآباد۔ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی باکسروں نے قابل ستائش مظاہرے کئے ہیں اور لولینا بورگوہین نے ملک کیلئے برونز میڈل حاصل کیا۔ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی باکسروں کے مظاہروں کے بعد جہاں ہندوستان میں باکسنگ کو فروغ دینے کیلئے عالمی حکام نے انڈیا کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے وہیں اولمپکس کے مظاہروں نیہندوستان کی گلی وشہروں میں اپنے اثرات دیکھنا شروع کردیا ہیاورحیدرآباد کے نوجوان باکسروں میں ایک نیا جوش و جذبہ دیکھائی دے رہا ہے۔اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے جنگم میٹ باکسنگ اینڈ ووشو کلب کے بانی اور باکسنگ کوچ محمد اسمعیل جو کہ باکسر اسمعیل کے نام سے شہر میں جانے جاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں ہندوستانی اتھیلٹس کے شاندار فتوحات اور ان پر انعامات کی بارش کے بعد شہر میں باکسنگ میں نوجوانوں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔این آئی ایس سند یافتہ کوچ باکسر اسمعیل نے مزید کہا ہے کہ ان کے سنٹر پر موجود نوجوان باکسروں میں اپنے کرئیر کے متعلق مزید سنجیدگی دیکھنے میں آرہی ہے حالانکہ اس سے قبل اس سنٹر کے باکسروں نے اسکولس گیمز،سب جونیئر،جونیئر ،سینئر ،نیشنل اور اوپن ٹورنمنٹ میں شرکت کرتے ہوئے میڈلس بھی حاصل کرچکے ہیں۔محمد عمر ،محمد زاہد،یونیورسٹی کی سطح پرنظام الدین اور محمد حنیف کامیابی حاصل کرنے والے نام ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ باکسنگ کے ذریعہ کئی طلبہ نے پولیس ، فوج اور جنگلاتی فورس میں ملازمتیں حاصل کی ہیں۔پیرس اولمپکس 2024 کے ضمن میں انہوں نے تلنگانہ کے باکسر حسام الدین سے انہوں نے اپنی امیدوں کی وابستگی کا اظہار کیا ہے۔جنگم میٹ باکسنگ سنٹر پر صبح اور شام باکسروں کوتربیت دینے والے اسمعیل کئی مقابلوں میں میچ ریفری کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔