ٹوکیو اولمپک ، اضافی اخراجات پر قابو پانے کی حکمت عملی پر غور

   

ٹوکیو ۔18 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) اگلے سال ہونے والے اولمپکس گیمز میں اخراجات کی کو کم کرنے اور ملتوی ہونے والے گیمز کے تیار شدہ مقامات کو زیر استعمال لانے کے لئے ٹوکیو اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے کوآرڈینیشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز نے ٹیلی فونک اجلاس میں شرکت کی ۔آرگنائزنگ کمیٹی اورکوآرڈینیشن کمیشن نے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا ، جس میں 2020 کے اصل منصوبے کا حصہ بننے والے مقامات کو استعمال کرنے اور مقابلوں کے اسی شیڈول پر قائم رہنے پر غورکیا گیا۔ شرکاء نے تاخیر کی وجہ سے پیدا ہونے والے اضافی اخراجات کو کم کرنے کے لئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔ آئی او سی اور آرگنائزنگ کمیٹی نے کوآرڈینیشن کمیشن کی چیئر جان کوٹس اور آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر یوشیرو موری کی سربراہی میں ایک مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کی تاکہ فیصلہ سازی ہر ممکن حد تک موثر انداز میں کی جاسکے۔ تمام امور کی دیکھ بھال کیلئے کوآرڈینیشن کمیشن اور مقامی منتظمین کی جانب سے دو ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، ایگزیکٹو پروجیکٹ اجلاس میں اتفاق ہوا کہ گیمز کی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلات کا رواں ماہ جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ ماہ اس ایونٹ کے لئے ایک نیا روڈ میپ سامنے لایا جائے گا۔کھیلوں کے لئے اضافی لاگت ایک بڑا مسئلہ ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی جلد ہی مختلف مقامات کے مالکان سے 2021 میں کھیلوں کے لئے اپنی جائیدادیں کرائے پر دینے کے بارے میں بات کریں گے۔