ٹوکیو اولمپک کی افتتاحی تقریب کیلئے میدان تیار

   

ٹوکیو۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹوکیو نے باضابطہ طور پر 60 ہزار شائقین کے بیٹھنے کا میدان ٹوکیو 2020ء اولمپکس سے سات مہینے قبل ہی تیار کردیا ہے کیونکہ اس میدان میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ 1964ء کے ٹوکیو اولمپک اسٹیڈیم کے مقام پر تعمیر کردہ اس میدان میں پانچ منزلہ عمارتیں ہیں جس کے اطراف ہریالی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے تاکہ موسم گرما میں یہ شائقین کو گرمی سے راحت دے سکے۔ اس اسٹیڈیم کو اس انداز سے تیار کیا گیا ہے کہ اس نے نہ ہی سورج کی تیز روشنی اور گرمی یا پھر بارش کے پانی سے شائقین کو کسی قسم کی کوئی دقت محسوس ہو۔ علاوہ ازیں اس میں 16 ایرکنڈیشنس لانس اور 185 پنکھے بھی لگائے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شنزو ابے کے علاوہ کئی اعلیٰ سطحی عہدیدار کی شرکت متوقع ہے۔ معروف آرکیٹکٹ کنگو کوما نے اس اسٹیڈیم کا نقشہ تیار کیا ہے۔ جس میں عصری ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال کیا گیا ہے، اس اسٹیڈیم میں ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی و اختتامی تقریب منعقد ہوں گی تاہم روایتی طور پر جو میراتھن منعقد کیا جاتا ہے وہ اس میدان میں منعقد نہیں ہوگا۔ یہ میدان جس کی اصل اونچائی 70 میٹر مقرر کی گئی تھی لیکن اسے اب 47 میٹرس ہی اونچا تیار کیا گیا ہے، کیونکہ اس کی اونچائی پر تنقید کی گئی تھی۔ اس اسٹیڈیم میں پہلا اسپورٹنگ ایکشن 21 ڈسمبر کو ہوگا جس میں ایک نمائشی مقابلہ میں یوسین بولٹ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ علاوہ ازیں پہلا مسابقتی مقابلہ نئے سال کے موقع پر منعقد ہوگا جو کہ فٹبال کا مقابلہ رہے گا۔