ٹوکیو اولمپک کی مشعل کے سفرکا 12 مارچ کو آغاز

   

ایتھنز۔8 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جاپان میں اولمپکس 2020 کی تیاریاں عروج پر ہیں تو دوسری جانب یونان میں اولمپکس مشعل روشن کرنے کی روایتی تقریب کیلئے بھی انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ 12 مارچ کو مشعل روایتی طور پر قدیم شہر اولمپیا میں شمسی توانائی کی مدد سے روشن کی جائے گی۔ تقریب میں فنکارائیں ماضی میں دیویوں کا روپ دھاریں گی۔اس کے ساتھ ہی مشعل کے سفر کا آغاز ہوگا۔ پہلی مرتبہ ایک خاتون ایتھلیٹ مشعل کے ٹوکیو تک کے سفر کا افتتاح کریں گی۔ یہ اعزاز یونان کیلئے ریوڈی جنیرو اولمپکس کے شوٹنگ ایونٹ میں گولڈ اور برونز میڈلس جیتنے والی اینا کاروکیکی کے حصے میں آیا ہے۔ ماضی میں ہمیشہ ٹارچ ریلے مرد ایتھلیٹس ہی شروع کرتے رہے ہیںلیکن اب روایت بدل رہی ہے۔اینا شوٹنگ میں عالمی چمپئن بھی ہیں۔ مشعل 24 جولائی کو اولمپکس اسٹیڈیم ٹوکیو پہنچے گی۔