نئی دہلی ۔25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے ٹوکیو میں 2020 میں اولمپک کھیلوں کے بعد ہونے والے پیرالمپک کی الٹی گنتی آج سے شروع ہو گئی ہے اور ہندستان نے ٹوکیو پیرالمپک میں تمغے کی تعداد دگنی کرنے کا ہدف رکھا ہے ۔ہندستانی پیرالمپک کمیٹی (پی سی آئی) نے ٹوکیو پیرالمپک کی الٹی گنتی کے موقع پر اتوار کو دارالحکومت میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پی سی آئی نے اپنے بہت سے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو نوازا۔ اس موقع پر ملک کے اعلی ترین کھیل اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن سے سرفراز پیرا کھلاڑی دیویندر جھجھریا اور 29 اگست کو کھیل رتن سے سرفراز ہونے والی دیپا ملک موجود تھیں۔ ہندستان نے 2016 کے گزشتہ ریو پیرالمپک میں دو طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی سمیت چار تمغے جیتے تھے ۔ پی سی آئی کے عبوری صدر گرچرن سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ آج سے ٹھیک ایک سال بعد 25 اگست 2020 کو ٹوکیو میں پیرالمپک شروع ہوں گے ۔ ٹوکیو پیرالمپک کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور ہم نے ٹوکیو میں ریو سے زیادہ یعنی ڈبل تمغے کا ہدف رکھا ہے ۔گرچرن نے کہا کہ ہندستان نے پہلی بار پیرالمپک میں 1968 ء میں حصہ لیا تھا۔ ہندستان اس کے بعد سے اب تک پیرالمپک میں کل 11 تمغے جیت چکا ہے ۔ لیکن ہم ٹوکیو میں ایک ہی پیرالمپک میں 11 سے زیادہ میڈل جیتنے کا نشانہ رکھ کر چل رہے ہیں۔ ہمارے پیرا کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔