ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے چیئرمین وکرم کرلوسکر کا دیہانت

   

بنگلور: ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے وائس چیئرمین وکرم ایس کرلوسکر کا منگل کے روز دیہانت ہوگیا۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔مسٹر وکرم کرلوسکر کے پسماندگان میں بیوی گیتانجلی کرلوسکر اور بیٹی مناسی کرلوسکر ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے یا حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔کمپنی کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے ، ” 29 نومبر 2022 کو ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے وائس چیئرمین وکرم ایس کرلوسکر کے بے وقت انتقال کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں بہت رنج و غم ہورہا ہے ۔” ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔ کرلوسکر 2019-20 کے دوران کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے صدر تھے اور فی الحال CII مینوفیکچرنگ کونسل، کونسل آف سی آئی آئی ٹریڈ فیئر اور ہائیڈروجن ٹاسک فورس کے چیئرمین کے عہدے پر فائز تھے ۔ انہوں نے میساچسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، امریکہ سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ اس کے بعد، انہوں نے خاندانی کاروبار میں، خاص طور پر پروڈکشن انجینئرنگ میں کام کرنا شروع کیا۔وہ بنگلور میں سنٹرل مینوفیکچرنگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سال 2013-15 کے دوران سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز کے صدر کے طور پر بھی منتخب ہوئے تھے ۔