غیرضروری گھومنے پر ایف آئی آر ، اے سی پی میرک چوک نے مہم کی قیادت کی
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اگرچہ ٹو وہیلرس پر دو افراد کی سواری پر پابندی ہے لیکن پولیس کی نرمی کا فائدہ اٹھاکر شہر بالخصوص پرانے شہر میں خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔ گزشتہ دو دن کے دوران کورونا پازیٹیو کیسیس میں اضافہ کے بعد پولیس نے گاڑیوں کو ضبط کرنے کی باقاعدہ مہم شروع کردی ہے۔ میرچوک ڈیویژن کے تحت مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں خاتون پولیس ملازمین اور غیرسرکاری تنظیموں کی مدد سے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس میرچوک مہم کی قیادت کررہے ہیں۔ میرک چوک ڈیویژن کے دو پولیس اسٹیشنوں کے تحت آج 95 گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے مقدمات درج کئے گئے۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اور یہ گاڑیاں عدالتی تحویل میں دے دی گئی ہیں۔ اے سی پی نے بتایا کہ عوام اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ وہ خواتین کے ساتھ گاڑی پر ہوں تو انہیں روکا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی مناسب ضرورت یا وجہ کے بغیر زیادہ تر افراد گاڑیوں پر گھومتے دکھائے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے سماجی دُوری پر سختی سے عمل آوری ہونی چاہئے لہذا ٹو وہیلرس پر دو افراد کے سفر کی اجازت نہیں ہے۔ اے سی پی نے کہا کہ ہاسپٹل روانگی کیلئے گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ ان کے پاس تمام درکار رپورٹس موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر لوگوں کو دیکھا گیا کہ وہ 4 تا 5 سال پرانی ڈاکٹر کی رپورٹ ساتھ رکھ کر غیرضروری گھوم رہے ہیں۔