کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے میں معاون
حیدرآباد 28 ستمبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق اور آئی ٹی کے ٹی راما راو نے آج مئیر حیدرآباد بی رام موہن کے ساتھ ہنگامی دو پہئیہ ( ٹو وہیلر ) ڈیزاسٹر ریسکیو فورس کا آغاز کیا ۔ یہ گاڑیاں جی ایچ ایم سی کی انفورسمنٹ ‘ ویجیلنس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے شروع کی گئی ہیں۔ مسٹر وسواجیت کمپاٹی آئی پی ایس ڈائرکٹر انفورسمنٹ ویجیلنس و ڈیزاسٹر مینجمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدام کے طور پر مجوزہ دو پہئیہ گاڑیاں فوری طور پر کسی بھی مقام تک پہونچ پائیں گی اور جھاڑ کی شاخوں کو کاٹنے ‘ پانی کی نکاسی عمل میں لانے جیسے بنیادی کاموں کی فوری انجام دہی کو یقینی بنانے اقدامات کرینگی ۔ بارش کی صورت میں کہیں درخت گر جائیں اور ان سے ٹریفک میں خلل ہو تو یہ فوری ان کو ہٹانے یا کاٹنے کا بھی اہتمام کرینگے ۔ ان گاڑیوں کے پاس پمپ سیٹ بھی رہیگا جو پٹرول سے کام کریگا اور ان کے پاس دوسرے ہنگامی آلات وغیرہ بھی رہیں گے ۔ ٹریننگ اینڈ ٹرانسپورٹ ونگ کی جانب سے اس یونٹ کے ارکان کو تربیت فراہم کی جائے گی اور فرضی ڈرلس کے ذریعہ بھی انہیں اس طرح کے کاموں کی تربیت دی جائے گی ۔