حیدرآباد۔/10 جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پھر ایک بار ریاست میں ٹڈی دَل کے حملہ کے پیش نظر سرکاری مشنری کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹڈی دَل کے امکانی حملہ کو روکنے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں۔ گذشتہ ماہ ٹڈی دَل تین مرحلوں میں ملک میں داخل ہوا۔ مہاراشٹرا اور مدھیہ پردیش میں اُن سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچا۔ جنوبی ریاست تلنگانہ میں اس کے حملہ کا خطرہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مہاراشٹرا کے رام ٹیک کے قریب ازمی گاؤں میں ٹڈی دَل موجود ہے جو تلنگانہ سے 200 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ اگر ٹڈی دَل جنوب کی طرف بڑھتے ہیں تو مختصر وقت میں وہ تلنگانہ میں حملہ کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے ٹڈی دَل کے حملہ سے بچاؤ کیلئے پرگتی بھون میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ٹڈی دَل کے موقف اوراُن کی حمل و نقل سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ماہرین کا اندیشہ ہے کہ 20 جون تا 5 جولائی کے درمیان ٹڈی دَل تلنگانہ میں حملہ کرسکتا ہے۔ ریاست میں اُن کا حملہ ہوسکتا ہے تو مانسون کی فصلوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے مہاراشٹرا و چھتیس گڑھ سے متصل 8 اضلاع میں سخت چوکسی کی ہدایت دی ہے۔