ٹکسٹائیلز پر جی ایس ٹی میں اضافہ کا فیصلہ ملتوی

   

حیدرآباد۔31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹکسٹائیلز انڈسٹری اور بافندوں کی جانب سے جی ایس ٹی میں اضافہ کے خلاف نمائندگی کے بعد مرکز کی جی ایس ٹی کونسل میں ٹکسٹائیلز اور پرچہ جات پر جی ایس ٹی میں اضافہ کے فیصلہ کو ملتوی کردیا ہے۔ گڈس اینڈ سرویسز ٹیکس کونسل نے جی ایس ٹی کی شرح کو 5 فیصد سے بڑھاکر 12 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر یکم جنوری سے عمل آوری تھی۔ وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کی صدارت میں جی ایس ٹی کونسل کے 46 ویں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ کونسل نے فیصلہ کیا کہ جی ایس ٹی میں اضافہ کافبروری کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا ۔ تلنگانہ و دیگر ریاستوں نے ٹکسٹائیلز اور پرچہ جات پر جی ایس ٹی میں اضافہ کی مخالفت کی ۔ اجلاس میں تمام ریاستوں کے وزرائے فینانس نے شرکت کی۔ گجرات ، تلنگانہ ، مغربی بنگال ، دہلی ، راجستھان اور ٹاملناڈو میں جی ایس ٹی میں اضافہ کی مخالفت کی ہے۔ گجرات کے سورت میں بافندوں نے حکومت کے فیصلہ کے خلاف بطور احتجاج بند منایا۔