ٹکنالوجی عام آدمی کیلئے استعمال نہ ہو تو ضائع

,

   

نوجوان ایجادات پر توجہ مرکوز کریں : کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد 10 مارچ ( این ایس ایس ) سابق وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و ورکنگ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ٹی راما راو نے آج کہا کہ اگر ٹکنالوجی کا عام آدمی کیلئے استعمال نہ کیا جائے تو یہ ضائع ہوجاتی ہے ۔ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں ’’ کی میکرس یوتھ چوٹی کانفرنس 2019 ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ٹی ہب کے ذریعہ نئی ایجادات کیلئے حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہندوستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی طاقت ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹکنالوجی کو عام آدمی کی بہتری اور فلاح کیلئے استعمال کیا جائے ورنہ یہ ضائع ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم کو ہر روز نئے مسائل کا سامنا ہے اس لئے ہمیں نئی ایجادات کی ضرورت ہوتی ہے ۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول میں کچھ منفرد کارنامے انجام دیں اور اپنی کاوشوں کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ تعلیم کو آگے بڑھائیں اور نئی ایجادات پر توجہ مرکوز کریں۔ اس کیلئے انہیں نئے اور اختراعی طریقہ کار اختیار کرنے ہونگے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو تجویز کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں کو بھی مثبت انداز میں لیں اور اس وقت تک ہار نہ مانیں اور اپنی جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھیں جب تک ان کو کامیابی نہیں مل جاتی ۔