ٹکنالوجی کے استعمال میں تلنگانہ سرفہرست

   

میڈیسن فرم اسکائی کا افتتاح، جیوترآادتیہ سندھیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ہوا بازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ عام انسانوں کی ترقی میں حصہ لینے والے انفارمیشن ٹکنالوجی سے وابستہ افراد اصل ہیرو ہے۔ وقارآباد میں ’میڈیسن فرم اسکائی‘ پراجکٹ کا افتتاح کرکے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء کے ٹی آر اور سبیتا اندرا ریڈی موجود تھے۔ جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا کہ ڈرون ٹکنالوجی دنیا بھر میں نئی روشنی بکھر رہی ہے۔ گراہم بل ٹیلیفون رائٹ برادرز کے طیاروں کی طرح ڈرون ٹکنالوجی بھی سنسنی خیز ہے۔ ڈرون کے ذریعہ ادویات منتقل کرنے والے نوجوانوں کی ستائش کی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ایسی ٹکنالوجی کو متعارف کرانا وزیراعظم مودی کا خواب تھا۔ سندھیا نے کہا کہ ڈرون پالیسی پر مرکزی حکومت کا واضح موقف ہے۔ اس کے استعمال کیلئے تلنگانہ کا پائلٹ پراجکٹ کی حیثیت سے انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان ٹکنالوجی کی وجہ سے دنیا کو جانتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے اسٹارٹ اپس کو ہلکے میں نہ لینے کا مشورہ دیا۔ یہ کسی نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ چھوٹے آلہ جات ایمرجنسی حالت میں آسمان پر اڑتے ہوئے ادویات منتقل کریں گے۔ یہ سب ڈرون ٹکنالوجی کے ذریعہ ممکن ہوپارہا ہے۔