نئی دہلی : /24 اکٹوبر (ایجنسیز) تیزی سے بدلتی دنیا میں ٹکنالوجی ایک نہایت اہم شعبہ بن گیا ہے جہاں زیادہ سے زیادہ افراد کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ایسے میں خواتین کیلئے بھی کام کے مواقع ابھر رہے ہیں ۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ اہم مسئلہ خواتین کا تحفظ اور ان کی سلامتی ہے ۔ آئے دن ملک میں کسی نہ کسی مقام سے ایسی خبریں آتی ہیں کہ کام کی جگہ پر خواتین کو کسی نہ کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا ہورہا ہے ۔ چنانچہ ایک ادارہ نے اس ضمن میں سروے کیا اور معلوم ہوا کہ 80 فیصد سے زیادہ خواتین کا ماننا ہے کہ ٹکنالوجی کے شعبہ میں کام کی جگہ پر مناسب ماحول فراہم کرنے اور موجودہ حالات میں بہتری کیلئے اعلیٰ عہدوں پر خواتین کا تقرر ہونا چاہئیے ۔ خواتین ہی خواتین کے تحفظ کیلئے مناسب اصلاحات اور ضروری اقدامات کو یقینی بناسکتی ہیں ۔ موجودہ طور پر مرد اور خواتین کے درمیان کام کے جگہ پر سہولتوں میں بہت زیادہ فرق پایا جاتا ہے ۔ خاتون ورکرس کا کہنا ہے کہ اس فرق کو دور کرنا ضروری ہے ۔ صرف 60 فیصد خواتین کا ماننا ہے کہ ٹکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کیلئے مرد اور خواتین دونوں کو مساوی مواقع حاصل ہیں ۔