حکومت کا مشیر مقرر کرنے پر اظہار تشکر
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ویملواڑہ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سی ایچ رمیش بابو نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے خیرسگالی ملاقات کی اور حکومت کے مشیر برائے زراعت مقرر کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے رمیش بابو کو ٹکٹ سے محروم کردیا گیا۔ ان کی ناراضگی دور کرنے کیلئے حکومت کا مشیر برائے زراعت پانچ سالہ مدت کیلئے مقرر کیا گیا۔ رمیش بابو نے کہا کہ گذشتہ چھ دہوں سے تلنگانہ میں زرعی شعبہ بحران کا شکار تھا لیکن کے سی آر نے 10 برسوں میں زراعت کو منافع بخش بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پالیسیوں پر عمل آوری کے ذریعہ تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ رمیش بابو نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کو وہ پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھائیں گے اور زرعی شعبہ کے چیالنجس سے نمٹنے کیلئے تجاویز پیش کریں گے۔ چیف منسٹر نے رمیش بابو کو مبارکباد پیش کی۔