ٹک ٹاک پر پابندی ، چنگاری ایپ دستیاب

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد : چینی اشیاء بالخصوص اپلی کیشن پر پابندی کے بعد ٹک ٹاک کی جگہ چنگاری نے لے لی ہے ۔ ٹک ٹاک جو ایک مشہور و معروف تفریحی اپلی کیشن ہے ۔ اس پر پابندی کے ساتھ ہی چنگاری عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرچکی ہے ۔ اپنے آپ میں ویڈیوز تیار کرنے اور کسی اشیاء کی نمائش ہو یا پھر کسی پیغام کو فلمی انداز میں پیش کرنا ہو ۔ گرہست خواتین سے لے کر برسرکار افراد طلبہ سے لے کر اساتذہ بچے بوڑھے مرد خواتین سبھی ٹک ٹاک سے مستفید تھے ۔ ان تمام سہولیات اور دیگر کئی اڈوانس فیچرس کے ساتھ چنگاری ایپ نے مارکٹ میں اپنا قدم رکھا ہے اور کم عرصہ میں غیر متوقع نتائج اس ایپ کو حاصل ہوا ہے ۔ آتھمانربھر بھارت کے تحت بیرونی اشیاء کے مقابلہ میں چنگاری کو پرموشن حاصل ہوا ۔ ایک ایسے وقت جب کہ سرحد پر ہند چین میں تناؤ جاری ہے اور چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی جوان شہید ہوئے ملک کی عوام میں چین اور اس کی اشیاء کے تعلق سے غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ اس دوران بیرونی اشیاء ( چینی اشیاء ) کے بائیکاٹ کا نعرہ بھی زور پکڑ گیا اور حکومت نے کئی ایک چینی ایپس پر پابندی لگادی جن میں ٹک ٹاک بھی شامل ہے ۔ اس دوران عوامی تفریح اور وقت گذاری اور احساسات کے اظہار کے ذرائع کی کمی کو چنگاری نے پورا کردیا اور سارے سماج میں ایک چنگاری لگادی ۔ چنگاری ایپ کو ابھی تک 2.5 ڈاؤن لوڈ ہوچکے ہیں اور گذشتہ 10 دنوں میں ریکارڈ 5 لاکھ 50 ہزار افراد نے اسے ڈاؤن لوڈ کرلیا ۔ چنگاری ایپ کے ذمہ دار کو فاونڈری بسوا تھما نائیک نے بتایا کہ 72 گھنٹوں میں 500,000 افراد نے چنگاری ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا اور کمپنی کی توقعات سے کئی گنا زیادہ 400 فیصد تک اس میں اضافہ ہوا ہے اور غیر معمولی مقبولیت حاصل ہورہی ہے ۔ چنگاری ایپ کے ذمہ داروں نے ان حالات کو دیکھتے ہوئے عوام میں ایپ کی مزید مقبولیت کے لیے نئی نئی پیشکش اور سوغاتوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے ۔ اچھی اور کافی مقبول ہونے والی اور سماجی نقطہ نظر کی حامل اور بہت زیادہ مقبولیت حاصل کرنے والی ویڈیوز پر پوائنٹس دئیے جائیں گے جس کے ذریعہ ویڈیوز تیار کرنے والے شہریوں کو آمدنی بھی حاصل ہوگی اور مسلسل 2 سال تک اس کا فیڈ بیاک جاری رہے گا ۔ اس کے علاوہ اس ایپ کو ملک کی مختلف زبانوں میں بھی پیش کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی بیرونی ایپ سے اس کا تقابل کیا جائے تو کوئی کمی نہ رہے ۔ اس چنگاری ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔۔