ٹک ٹاک کا مالک چین کا امیر ترین شخص بن گیا

   

بیجنگ: ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس کے بانی زینگ یامنگ چین کے سب سے امیر شخص بن گئے ہیں۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے جب ٹک ٹاک کے بانی نے چین کے روایتی ارب پتیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔41 سالہ زینگ یامنگ اس وقت 57.5 ارب ڈالر کی دولت کے مالک ہیں، جس کے ساتھ وہ ایشیا کے تیسرے اور دنیا کے 24 ویں امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔ صرف رواں سال میں ان کی دولت میں 13.6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے نونگفْو اسپرنگ کے مالک زونگ شانسان اور ٹین سینٹ کے شریک بانی پونی ما ہواٹینگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹک ٹاک جیسے مقبول پلیٹ فارم کے بانی ہونے کے باوجود زینگ یامنگ خود لو پروفائل زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔ چین کے صوبے فوجیان میں پیدا ہونے والے زینگ کے والدین سرکاری ملازم تھے، اور انہوں نے نآنکی یونیورسٹی سے سافٹ ویئر انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔زینگ یامنگ نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک اسٹارٹ اپ Kuxun سے کیا، جہاں وہ جلد ہی ٹیم لیڈر بن گئے۔ بعد میں، انہوں نے مائیکروسافٹ میں بھی کام کیا لیکن اپنی کمپنی بنانے کے لیے ملازمت چھوڑ دی۔ 2012 میں انہوں نے بائیٹ ڈانس کی بنیاد رکھی، جو آج ٹک ٹاک کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہے۔