ٹھاکرے کو این پی آرسمجھائیں گے، کانگریس کا عزم

   

Ferty9 Clinic

این آر سی کی اساس این پی آر ہے: منیش تیواری ۔ چیف منسٹر ٹھاکرے کا 7 مارچ کو دورۂ ایودھیا

نئی دہلی ؍ منگلورو؍ ممبئی، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج عزم ظاہر کیا کہ وہ چیف منسٹر مہاراشٹرا اُدھو ٹھاکرے کو نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کی سنگینی سے واقف کرائیں گے اور سمجھائیں گے کہ یہی عمل این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس) کی بنیاد ہے۔ این آر سی سے آسام بری طرح متاثر ہوا ہے اور حالت جلد سدھرنے کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ کانگریس لیڈر منیش تیواری نے ہفتہ کو نئی دہلی میں کہا کہ چیف منسٹر ٹھاکرے کو شہریت ترمیمی قواعد۔ 2003ء کے بارے ’’بریفنگ درکار‘‘ ہے تاکہ سمجھ سکیں کہ این آر سی کی بنیاد (یا پہلا مرحلہ) این پی آر ہے۔ تیواری نے یہ بھی کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے بارے میں ٹھاکرے کو دستور کی ترکیب کے اعتبار سے بریفنگ کی ضرورت ہے کہ مذہب شہریت کی اساس نہیں ہے۔ دریں اثناء کانگریس کے باندرہ ایسٹ کے نمائندہ ایم ایل اے ذیشان صدیقی نے منگلورو (کرناٹک) میں کہا کہ پارٹی پوری کوشش کرے گی کہ چیف منسٹر ٹھاکرے کو سی اے اے سے متعلق مسائل پر مطمئن کیا جائے۔ انھوں نے چیف منسٹر مہاراشٹرا سے اپیل کی کہ اس پر عمل نہ کریں۔ رپورٹرس سے بات کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے سب سے کم عمر ایم ایل اے ذیشان نے جو اِس شہر کے دورے پر ہیں، کہا کہ شیوسینا زیرقیادت مخلوط حکومت سی اے اے پر اپنا موقف پیر کو شروع ہونے والے اسمبلی سیشن میں واضح کرے گی۔ اس دوران چیف منسٹر ٹھاکرے کے دورۂ ایودھیا کی تاریخ طے ہوگئی۔ وہ 7 مارچ کو یو پی کے مندروں کے ٹاؤن کو جائیں گے، جہاں وہ لارڈ رام کی پوجا کرتے ہوئے اپنی زیرقیادت مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے 100 دنوں کی تکمیل پر بھگوان سے اظہار تشکر کریں گے۔ سینا لیڈر سنجے راوت نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ٹھاکرے دریائے سرایو کے کنارے ’مہا آرتی‘ میں حصہ بھی لیں گے۔