: مہاراشٹرا کی سیاست میں نئے طوفان کے آثار :
ممبئی : مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے کی قیادت والی شیوسینا نے آئندہ ہفتہ شروع ہو رہے مہاراشٹرا مقننہ کے آئندہ بجٹ اجلاس میں ’وہپ‘ جاری کرنے کی دھمکی دے کر ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا (یو بی ٹی) میں ہلچل تیز کر دی ہے۔ شیوسینا (شنڈے گروپ) کے چیف وہپ بھرت گوگاوالے اور دیگر اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی سبھی 56 اراکین اسمبلی کو وہپ جاری کر انھیں پارٹی لائن سے اوپر اٹھنے کا حکم دیں گے۔ ایسا نہ کرنے پر انھیں ڈسپلنری کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ جون 2022 میں پارٹی کی تقسیم کے بعد 288 رکنی مہاراشٹرا اسمبلی میں شنڈے گروپ کے پاس 40 اراکین اسمبلی ہیں، جبکہ سابق وزیر اعلیٰ ٹھاکرے کے پاس ان کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے سمیت 16 اراکین اسمبلی ہیں۔ حالانکہ شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ ادھو ٹھاکرے تنبیہوں سے بے پروا دکھائی دیتے ہیں اور قانونی ماہرین نے بھی ایسے کسی بھی امکان سے انکار کیا ہے، کیونکہ ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے اب دونوں گروپوں کو الگ الگ اداروں کی شکل میں منظوری دے دی ہے اور اس لیے ان کا ’whip‘ ایک دوسرے پر نافذ نہیں ہوگا۔ٹھاکرے نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ایک جوابی تنبیہ جاری کی ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا 16 اراکین اسمبلی کی نااہلی معاملے کے نتائج کے مطابق، یہاں تک کہ شنڈے کی حمایت کرنے والے دیگر 40 اراکین اسمبلی کو بھی اسی بنیاد پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ آنے والے دنوں میں ایک سیاسی طوفان کا اشارہ دیتے ہوئے شنڈے گروپ نے پیر کے روز رسمی طور سے اسمبلی احاطہ میں شیوسینا دفتر پر قبضہ کر لیا اور اب دیگر بلدیات میں موجود دفاتر کے ساتھ بھی ایسا ہی کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔شنڈے نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ وہ دادر میں شیوسینا بھون اور ٹھاکرے گروپ کے ذریعہ کنٹرولڈ دیگر ملکیتوں پر دعویٰ پیش کرے گا۔ حالانکہ ان کی پارٹی کے کچھ لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ چونکہ ای سی آئی نے انھیں نام اور نشان دیا ہے، اس لیے باقی سب پر یہ نافذ ہوگا۔