ٹھمکا لگاؤ ورنہ معطل کردئے جاؤ گے

   

آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو کی پولیس اہلکار کو دھمکی پر تنازعہ
پٹنہ : بہار میں راشٹریہ جنتادل لیڈر تیج پرتاپ یادو نے اپنے گھر پر پارٹی ورکرس کے ساتھ ہولی منائی ۔ تاہم اس تقریب کا ایک ویڈیو وائرل ہوگیا جس کے بعد ایک تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ویڈیو میں مسٹر یادو ایک پولیس اہلکار کو تقریب کے دوران رقص کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ کلپ میں دکھایا گیا کہ مسٹر یادو اسٹیج پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے ایک وردی میں ملبوس پولیس عہدیدار سے کہا کہ ’’ اے سپاہی ۔ اے دیپک ۔ ایک گانا بجائیں گے ۔ اس پہ تم کو ٹھمکا لگانا ہے ۔ برا مت مانو ہولی ہے ۔ آج نہیں ٹھمکا لگاؤگے تو معطل کردئے جاؤ گے ‘‘ ۔ اس ویڈیو پر آر جے ڈی کے سیاسی مخالفین نے شدید اعتراض کیا ہے ۔ بی جے پی اور جے ڈی یو قائدین نے مسٹر یادو کے اس اقدام کی مذمت کی ہے ۔ دونوں پارٹیوں نے آر جے ڈی لیڈر کو نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ تیج پرتاپ بھی اپنے والد لالو پرساد کی طرح حرکتیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں چیف منسٹر لالو پرساد یادو بھی قانون کو اپنی انگلیوں پر نچیا کرتے تھے اور بہار کو جنگل راج میں تبدیل کردیا گیا تھا ۔ اب وہ اقتدار سے باہر ہیں لیکن ان کے فرزند اب بھی قانون نافذ کرنے والوں کو اپنی انگلیوں پر نچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کیلئے دھمکا رہے ہیں ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ آر جے ڈی جنگل راج میں یقین رکھتی ہے ۔