ٹھیلہ بنڈی رانوں پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی کی تجویز

   

حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر کی گلیوں اور محلہ جات میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور اپنے اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے کیونکہ شہر کے کئی پاش علاقوں کے مکینوں کی جانب سے مسلسل اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صوتی آلودگی کا سبب بن رہا ہے اسی لئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کی جانی چاہئے ۔چند برسوں کے دوران میوہ فروشوں ‘ ترکاری فروشوں کے علاوہ دیگر کاروبار کرنے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے آواز لگانے کے بجائے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کیا جا رہاہے اور بسا اوقات صبح کی اولین ساعتوں میں ٹھیلہ بنڈیوں کے محلہ جات اور گلیوں میں اس طرح لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے ذریعہ اشیاء کی فروخت شہریوں پر گراں گذرنے لگی ہے اسی لئے وہ اس سلسلہ میں شکایات کررہے ہیں۔ٹھیلہ بنڈی رانوں کا کہناہے کہ ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کے سبب ان کی آواز مکینوں تک نہیں پہنچ پارہی ہے اسی لئے وہ آواز لگانے کے بجائے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کر رہے ہیں اور جن علاقو ںمیں ان کی آواز کافی ہوتی ہے وہ ان علاقو ںمیںلاؤڈ اسپیکر کا استعمال نہیں کرتے بلکہ روایتی انداز میں آواز ہی لگاتے ہیں۔ٹھیلہ بنڈی رانوں سے شہریوں کی اس شکایت کے متعلق دریافت کرنے پر انہوںنے بتایا کہ نئے شہر کے پاش علاقوں سے اس طرح کی شکایات کی اطلاعات ملی ہیں لیکن پرانے شہر کے کسی بھی علاقہ میں ایسی شکایت نہیں ہے۔م