مرکزی حکومت کی آتم نربھر ندھی اسکیم، استفادہ کا زرین موقع
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب تباہ حال معیشت کو سدھارنے کے منصوبہ کے تحت شروع کردہ ’’آتم نربھر ندھی‘‘ کے ذریعہ ٹھیلہ بنڈی رانو ں کو 10ہزار روپئے قرض کی اسکیم کا آغاز کیا جاچکا ہے اور ٹھیلہ بنڈی راں اس منصوبہ کے تحت ایک سال کی مدت کیلئے 10ہزار روپئے قرض حاصل کرسکتے ہیں۔ٹھیلہ بنڈی رانوں اور چھوٹے تاجرین کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اس منصوبہ کے تحت ایک سال کی مدت کیلئے 10ہزار روپئے قرض کے حصول کی سہولت حاصل رہے گی جبکہ مکمل ادائیگی کی صورت میں انہیں مزید قرض کی فراہمی کی گنجائش بھی دی جاسکتی ہے۔ آتم نربھر ندھی کے تحت شروع کئے جانے والے اس منصوبہ سے استفادہ کیلئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے علاوہ ازیں اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کامن سروس سنٹر میں درخواست داخل کرنی ہوگی۔ شہر حیدرآباد میں کئی علاقو ںمیں ٹھیلہ بنڈی تاجرین کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کے سبب معاشی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں اور ان میں کئی ٹھیلہ بنڈی تاجرین کو اپنے کاروبار کے احیاء کیلئے سود پر رقم حاصل کرنی پڑرہی ہے لیکن اگر وہ اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرتے ہیں تو انہیں اس کیلئے کسی ضمانت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ راست درخواست کے ادخال کے ذریعہ 10ہزار روپئے تک کا قرض حاصل کرسکتے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کے معاشی نظام میں بہتری لانے کے منصوبہ کے تحت 20لاکھ کروڑ کے پیاکیج کا اعلان کیا گیا تھا اور اس پیاکیج میں چھوٹے تاجرین اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کا بھی احاطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اسی منصوبہ کے تحت اب ان رقومات کی منظوری کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے اورکہا جارہا ہے کہ کامن سروس سنٹر پر جو درخواستیں داخل کی جائیں گی ان کی فوری یکسوئی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں لیکن ٹھیلہ بنڈی رانوں کو فراہم کئے جانے والے اس قرض کی رقم کو ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کیا جائے گا اور انہیں ڈیجیٹل ادائیگی وخرچ کے لزوم پر عمل کرنا ہوگا۔ ٹھیلہ بنڈی تاجرین جو سود خوروں کے چنگل میں پھنس رہے ہیں انہیں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنی تجارتی سرگرمیوں کا احیاء کرنا چاہئے اور اس سلسلہ میںٹھیلہ بنڈی رانوں میں شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔