واشنگٹن ؍ بیجنگ : امریکہ اور چین کے درمیان ٹیرف کی جنگ جاری ہے، جین نے امریکی مصنوعات پر محصولات 84 فیصد سے بڑھا کر 125 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف کل سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیرف بنیادی معاشی اصولوں کے خلاف ہیں، امریکہ کی جانب سے ٹیر ف میں مزید اضافہ کو نظر انداز کریں گے کیونکہ امریکی اشیاء درآمد کنندگان کے لیے مزید اقتصادی معنیٰ نہیں رکھتیں۔ چینی وزارت خزانہ نے امریکی ٹیرف کو نمبر گیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مذاق بن جائے گا۔ چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ چین امریکہ کے تازہ محصولات پر عالمی تجارتی تنظیم کے ساتھ مقدمہ دائر کرے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ چینی مصنوعات پر مجموعی طور پر 145 فیصد ٹیرف عائد کرچکا ہے۔