ٹیرف غیرقانونی، امریکی سپریم کورٹ کا ٹرمپ کو جھٹکہ

,

   

واشنگٹن ۔ 20 فبروری (ایجنسیز) امریکہ میں ٹیرف کے معاملے پر صدر امریکہ کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کردہ ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے امریکی سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے کہا کہ صدر نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے یہ محصولات عائد کیے۔چیف جسٹس جاہن رابرٹ کی سربراہی میں قائم بنچ نے 6 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔ عدالت کے مطابق ہنگامی اختیارات کے قانون کے تحت صدر نے یکطرفہ طور پر جوابی محصولات سمیت مختلف ٹیرف نافذ کیے، حالانکہ آئین کے مطابق ٹیکس اور محصولات عائد کرنے کا اختیار صرف امریکی کانگریس کو حاصل ہے۔چیف جسٹس نے واضح کیا کہ یہ اختیار کسی بھی انتظامی شعبے کو منتقل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے یہ بھی ریمارکس دیے کہ صدر نے ٹیرف کو ایک اہم معاشی اور خارجہ پالیسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔عدالت نے اس بات پر فی الحال کوئی واضح ہدایت جاری نہیں کی کہ حکومت کی جانب سے اب تک وصول کیے گئے تقریباً 133 بلین ڈالر واپس کیے جائیں گے یا نہیں۔