واشنگٹن، 14 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے معاملے پر سپریم کورٹ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فیصلہ ٹیرف کے خلاف آیا تو سیکڑوں ارب ڈالر واپس کرنا پڑیں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر امریکہ کیلئے ادائیگیاں تقریباً ناممکن ہو جائیں گی، اتنی بڑی رقم کا حساب لگانے میں بھی برسوں لگ سکتے ہیں، جو کہے کہ یہ مسئلہ آسانی سے حل ہو سکتا ہے وہ غلط فہمی کا شکار ہے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکی سپریم کورٹ ان کے عالمی تجارتی ٹیرف (محصولات) کو کالعدم قرار دیتی ہے تو یہ صورتحال ’’مکمل افراتفری‘‘بن جائے گی۔ قومی سلامتی سے جڑے معاملے میں فیصلہ خلاف آیا تو شدید بحران کا شکار ہو جائیں گے ۔ سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ ٹیرف کے خلاف فیصلے پر ”ہم بری طرح پھنس جائیں گے ”۔ خیال رہے کہ اس فیصلے کی توقع آج چہارشنبہ کے روز کی جا رہی ہے ۔
