ٹیرف کے باعث 25 ممالک نے امریکہ پارسل بھیجنے پر پابندی لگادی

   

جنیوا:27 اگست ( یو این آئی) اقوام متحدہ کے ڈاک کے ادارے یونیورسل پوسٹل یونین نے بتایا کہ امریکی ٹیرف کے باعث 25 ممالک نے امریکہ کیلئے پارسل سروسز معطل کر دی ہیں۔ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے نئے ٹیرف اور ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے اعلان نے پوسٹل پیکجز کے حوالے سے شدید خدشات پیدا کر دیے ہیں۔خیال رہیکہ ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 29 اگست سے امریکہ میں داخل ہونے والے چھوٹے پارسلز پر ٹیکس چھوٹ ختم کر دی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد فرانس، جرمنی، ہندوستان اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کی پوسٹل سروسز نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ جانے والے زیادہ تر پارسلز قبول نہیں کیے جائیں گے۔یونیورسل پوسٹل یونین کے مطابق، ’ہمیں 25 رکن ممالک کے پوسٹل آپریٹرز نے مطلع کیا ہے کہ انہوں نے امریکا کے لیے اپنی سروسز معطل کر دی ہیں اور اس کی وجہ وہ غیر یقینی صورتحال ہے جو امریکی حکام کے نئے اقدامات اور ان کے عملی نفاذ سے متعلق پائی جا رہی ہے۔ادارے نے مزید کہا کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکا وضاحت نہیں کرتا کہ وہ اپنے نئے فیصلوں کو کس طرح نافذ کرے گا اور ان کیلئے درکار انتظامی تبدیلیاں کب مکمل ہوں گی۔