میرے ٹیرف نے ہی کئی جنگیں ختم کیں، دوسرے دور صدارت کے اسٹیٹ آف یونین سے ٹرمپ کا خطاب
واشنگٹن، 25 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ٹیرف کی مدد سے کئی جنگیں ختم کیں، ٹیرف کے باوجود تمام ممالک امریکہ سے ڈیلز برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ دوسرے دور صدارت کے پہلے اسٹیٹ آف یونین خطاب کے دوران امریکی صدر نے ٹیرف کے خلاف سپریم کورٹ کے حکمنامے پر شدید تنقید کی۔ امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہا کہ آج امریکی تاریخ میں امریکی سرحدیں محفوظ ترین ہیں، 9 ماہ میں ایک بھی غیرقانونی شخص امریکہ میں داخل نہیں ہوسکا۔ ہم غیرقانونی امیگرینٹس کونکال رہے ہیں، نہیں چاہتے کہ غیرقانونی امیگرینٹس امریکہ میں ہوں۔ صدر ٹرمپ نے خطاب کے دوران کہا کہ افغانستان کے دہشت گرد نے وائٹ ہاوس کے باہر خاتون اہلکار کو گولی ماری، افغانستان کے دہشت گرد کو امریکہ میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔ معیشت اور مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ان کے دوسرے دور صدارت میں افراط زر میں غیرمعمولی کمی لائی گئی، انڈوں کی قیمتیں 60 فیصد کم ہوئی ہیں، 12 ماہ میں 18 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے ممکن بنائے ۔ صدر ٹرمپ نے کہا امریکہ آج پہلے سے کہیں زیادہ امیر اور بہتر ہے ، صرف ایک سال میں نمایاں تبدیلی لائے ہیں، امریکہ اتنا کامیاب ہورہاہے کہ ہم مزید کامیابیاں نہیں سمیٹ سکتے ۔ بائیڈن دور میں ہم تباہی کے دہانے پرپہنچ گئے تھے ، پہلے ہم مردہ ملک تھے اور اب سب سے زیادہ پسندیدہ ملک ہیں۔ پچھلے سال انہوں نے کانگریس سے کہا کہ ٹیکس کٹوتی کریں اور ری پبلکنکز نے اس چیز کو ممکن بنایا، ٹیکس کٹوتی پر ہر ڈیموکریٹ نے مخالفت میں ووٹ دیا کیونکہ وہ ٹیکس میں اضافہ چاہتے تھے ۔امریکی صدر نے کہا کہ اراکین کانگریس کا پہلا فرض ہے کہ غیرقانونی امیگرینٹس کو سپورٹ نہ کریں، تمام ووٹرز کو شہریت کا ثبوت دینا چاہیے ، سوائے بیماری اور ملٹری ڈیوٹی کے استثنیٰ کے میل ان بیلٹس نہیں ہونا چاہیے ۔ ڈیموکریٹس ووٹر آئی ڈی اس لیے نہیں چاہتے کیوں کہ وہ الیکشن میں چیٹنگ چاہتے ہیں۔ ٹیک کمپنیاں اپنے پاور پلانٹ بنائیں تاکہ بجلی کی قیمتیں عوام کے لیے کم ہوں، کانگریس سے کہتا ہوں کہ سنگل فیملی کے گھروں کو تحفظ دیں، میں سوشل سیکیورٹی اور میڈی کئیر کو تحفظ دوں گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ نینسی پلوسی میری بات پر کھڑی ہوجائیں، مجھے یقین نہیں آرہا، کانگریس سے کہتا ہوں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس غیرقانونی شہریوں کو نہ دیں۔ امریکی رکن کانگریس آل گرین نے صدر ٹرمپ کی تقریر کے دوران احتجاج کیا ، صدرٹرمپ کے سامنے بینر لہرانے کی کوشش کی جس پر انہیں کانگریس عمارت سے باہر نکال دیا گیا۔ صدر ٹرمپ کے خطاب کے موقع پر کابینہ اور اراکین کانگریس عمارت میں موجود رہے ، ڈونالڈٹرمپ کے اہل خانہ بھی کانگریس کی عمارت میں موجود تھے ۔
میں تیسری بار بھی صدر بننا چاہتا ہوں : ٹرمپ
واشنگٹن، 25 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے ایک بار پھر تیسری مدت کیلئے صدر بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے اسٹیٹ آف یونین سے خطاب کے دوران تیسری مدت کیلئے صدر بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی دوسری مدت ہے اور تیسری بھی ہوسکتی ہے ۔ امریکہ اب برے وقت سے نکل آیا ہے اور معیشت مستحکم ہو رہی ہے ۔ امیگریشن کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران ایک بھی شخص غیرقانونی طور پر امریکہ میں داخل نہیں ہوا، جبکہ جو لوگ قانونی طریقے سے آتے ہیں انہیں خوش آمدید کہا جاتا ہے ۔
انہوں نے دھوکہ دہی کے خلاف جنگ کا اعلان بھی کیا اور بعض صومالی نژاد افراد پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں مسائل پیدا کر رہے ہیں، جبکہ مینیسوٹا میں کرپشن کے واقعات کا بھی ذکر کیا۔