ویلنگٹن۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر ہندوستان کے خلاف کل یہاں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے دوران ریکارڈ درج کرواتے ہوئے اپنے کیرئیر کا100 واں بین الاقوامی ٹسٹ میچ کھیلیں گے ۔ ٹیلر اب تک 99 میچ کھیل چکے ہیں اور ہندوستان کے خلاف ویلنگٹن میں ان کے کیرئیر کا 100 واں بین الاقوامی ٹسٹ میچ ہوگا۔ اس دوران ٹیلرکرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں 100 میچ کھیلنے والے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے ۔35 سالہ ٹیلر نے2007 میں ٹسٹ کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ چند روز قبل انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنے پہلے ٹسٹ کے بعد ایسا لگا تھا کہ وہ پھرکبھی نیوزی لینڈ کے لئے ٹسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے ۔ قابل ذکر بات یہ ہیکہ ٹیلر نے جنوبی افریقہ کیخلاف اپنے پہلے ٹسٹ میں15 اورچاررنز بنائے تھے ۔ اسی طرح دوسرے مقابلے میں17 اورآٹھ رنز ہی جوڑ پائے تھے ۔ کیرئیر میں وقت کی بہت اہمیت ہے ۔انہوں نے کہا جنوبی افریقہ کے ساتھ پہلی سیریز کے بعد مجھے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔ اس کے بعد میں نے انگلینڈ کیخلاف گھریلو سرزمین پر ٹسٹ سیریزکھیلی اور پہلے مقابلے میں ہی سنچری بنائی۔ اس وقت مجھے خود پر اعتماد ہوا کہ میں اس کی سطح کی بیٹنگ کر سکتا ہوں ۔ٹیلر نے99 ٹسٹ میچوں میں46.28 کی اوسط سے7174 رنز بنائے ہیں جس میں19 سنچریاں او33 و نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے231 ونڈے میچوں میں8570 رنز بنائے جس میں21 سنچری اور51 نصف سنچری شامل ہیں۔ ٹیلر نے100 ٹی 20 میچوں میں سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1909 رن بنائے ہیں۔یاد رہیکہ اس وقت ٹیلر شاندار فام میں ہیں جیسا کہ انہوں نے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں سنچری اسکور کی ہے اورا مید کی جارہی ہے کہ وہ 100 ویں ٹسٹ میں سنچری اسکور کریں گے۔