گال( سری لنکا) ۔14اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا کین ولیمسن کا فیصلہ غلط ثابت ہوا جیسا کہ اسپینر اکھیلا دھننجیا نے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دو مرتبہ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو تباہ کیا لیکن بارش سے متاثرہ پہلے دن کے اختتام پر ٹیم کے سینئر بیٹنسمین راس ٹیلر نے ناقابل تسخیر 86رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 203/5 تک پہنچایا ۔ ٹاس جیت کر ولیمسن نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے اوپنرس راول اور لیتھم نے پہلی وکٹ کیلئے 27ویں اوور میں 64 رنز کی شروعات فراہم کی لیکن اس کے بعد نیوزی لینڈ کو یکے بعد دیگرے تین وکٹوں کا زوال برداشت کرنا پڑا جس میں کپتان ولیمسن کا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونا بھی مہمان ٹیم کیلئے بڑا جھٹکا رہا ۔ راول نے 33 اور لیتھم نے 30رنز اسکور کئے ۔ نیوزی لینڈ کو جب ابتدائی تین وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 71رنز تھا جس کے بعد ہینری نکولاس اور ٹیلر نے چوتھی وکٹ کیلئے 100رنز کی پارٹنرشپ نبھائی لیکن اس موقع پر نکولاس 78 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 42رنز بناکر دھننجیا کی بولنگ پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد 8رنز کے اضافہ پر وکٹ کیپر بیٹسمین واٹلنگ بھی ایک رن بنانے کے بعد دھننجیا کی بولنگ پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔ دن کے اختتام پر سینٹنر 8رنز اور ٹیلر 86رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں لیکن چائے کے وقفہ کے بعد بارش کی وجہ سے کھیل مکمل نہ ہوسکا اور پہلے دن صرف 68اوورس کا ہی کھیل ہوا جس میں دھننجیا نے 22اوورس کی بولنگ کرتے ہوئے 57رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔