ہندوستان میں 2030ء میں 6G خدمات کیلئے ویژن دستاویز جاری
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2030 میں ملک میں 6G خدمات کیلئے ’انڈیا 6G ویژن‘دستاویز جاری کرتے ہوئے ملک میں ٹیلی کام کے شعبے میں ہو رہے کام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک دنیا کا سب سے بڑا ٹیلی کام ٹیکنالوجی ایکسپورٹر بننے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ مودی نے یہاں وگیان بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین کے علاقائی دفتر اور اختراعی مرکز کے افتتاح کے ساتھ ساتھ انڈیا 6G ویژن دستاویز جاری کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 6Gٹسٹ بیڈ پروجیکٹ بھی لانچ کیا گیا اورکال بیف یو ڈیگ ایپ کی نقاب کشائی کی گئی۔اس کے بعد مودی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہائی ہندوستان کیلئے ٹیک ایڈ ہے ۔ ہندوستان کا ٹیلی کام اور ڈیجیٹل ماڈل ہموار، محفوظ، شفاف ہونے کے ساتھ ساتھ آزمائشی اور قابل اعتماد بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تیزی سے5G خدمات شروع کرنے والا دنیا کا سرکردہ ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم 6Gکے بارے میں بات کر رہے ہیں صرف 5G سرویس شروع ہونے کے چھ ماہ بعد۔ اس سے ہندوستان کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے ۔ آج اس حوالے سے ایک ویژن دستاویز بھی جاری کی گئی ہے اور یہ اگلے چند سالوں میں 6Gکیلئے ایک اہم بنیاد بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والے آئی ٹی یو کے اس مرکز سے نہ صرف ہندوستان بلکہ خطے کے تمام ممالک کو ٹیلی کام کے شعبے میں مدد ملے گی۔