ٹیم انڈیا اسپرٹ کا نعرہ صرف جملہ بازی ‘ کے ٹی راما راؤ

   


ہندو ۔ مسلم پھوٹ ڈال کر بی جے پی راج کررہی ہے : تلنگانہ سے مسلسل نا انصافی کا ادعا

حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ٹیم انڈیا کا دیا جانے والا نعرہ صرف ’جملہ بازی‘ ہے۔ ہر معاملے میں تلنگانہ کو اس طرح نظرانداز کیا جارہا ہے جیسے کے وہ ہندوستان کا حصہ نہیں ہے۔ ریاست سے ہونے والی ناانصافی پر مرکز سے استفسار کرنے پر ہر مسئلہ کو بی جے پی ہندو ۔ مسلم سے جوڑتے ہوئے سیاسی فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ کورونا بحران سے تلنگانہ کی آمدنی 52 ہزار کروڑ روپئے گھٹ گئی، بڑی نوٹوں کی منسوخی کرتے ہوئے کالا دھن لانے کا وعدہ کیا گیا مگر تلنگانہ کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔ شہر حیدرآباد کے پلوی انسٹیٹیوٹ میں ٹی آر ایس کی امیدوار سرابی وانی دیوی کی تائید میں خانگی کالجس اینڈ اسکول مینجمنٹ اینڈ اسٹاف ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ٹیکسوں کی شکل میں مرکزی حکومت کو 2 لاکھ 72 ہزار کروڑ روپئے ادا کئے جس کے بدلے میں مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو ایک لاکھ 40 ہزار کروڑ روپئے ہی واپس کئے ہیں۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکومت نے تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے۔ 647 نئے ریسیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے ہیں جس میں 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ ہر ایک طالب علم پر ایک لاکھ 20 ہزار روپئے حکومت خرچ کرتے ہوئے طلبہ کو معیاری تعلیم مفت قیام و طعام کی تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ 6 سال کے دوران طلبہ میں 12 ہزار 800 کروڑ روپئے فیس ری ایمبرسمنٹ فراہم کی گئی ہے۔ آزادی کے 65 سال میں 5 میڈیکل کالجس قائم کئے۔ ٹی آر ایس حکومت نے 6 سال میں 6 میڈیکل کالجس قائم کئے۔ حیدرآباد ایک پرامن اور محفوظ شہر ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں تاحال ایک لاکھ 32 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ بہت جلد مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ کانگریس کے دور حکومت 2004ء تا 2014ء تک صرف 24 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئیں جس میں 10 ہزار ملازمین صرف تلنگانہ کے حصے میں آئی۔ کوئی بھی حکومت تمام بیروزگاروں کو سرکاری ملازمت فراہم نہیں کرسکتی۔ مودی کے زیرقیادت جب مرکزی حکومت قائم ہوئی تھی، اس وقت پکوان گیاس کی قیمت 400 روپئے تھی جو اب 800 روپئے ہوگئی ہے۔ پٹرول کی قیمتیں بھی سنچری مکمل کرچکی ہیں۔