ٹیم سے باہر ہونے کے بعد تکنیک پر فکرمند تھا:شا

   

ممبئی : باصلاحیت اور نوجوان بیٹسمین پرتھوی شا نے کہا ہے کہ دورۂ آسٹریلیا کے موقع پر ٹیم سے خارج کئے جانے کے بعد وہ اپنی تکنیک کے متعلق فکرمند ہوچکے تھے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے انھوں نے اپنا اعتماد بحال کیا ہے جس کے لئے وہ اپنی تکنیک کو بہتر بنانے کی وجہ قرار دیتے ہیں۔ 21 سالہ شا جنھیں گزشتہ برس ڈسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف اڈیلیڈ میں منعقدہ پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام ہونے کے بعد ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا، لیکن اِس کے بعد انھوں نے گھریلو کرکٹ میں وجئے ہزارے ٹروفی کے 8 مقابلوں میں 827 رنز اسکور کئے۔ اِس کے علاوہ آئی پی ایل کے رواں ٹورنمنٹ میں چینائی سوپر کنگس کے خلاف کھیلے گئے ابتدائی مقابلہ میں انھوں نے 38 گیندوں میں برق رفتار 72 رنز اسکور کئے۔ شا نے کہاکہ آسٹریلیا کے دورے پر ناکامی کے بعد ٹیم سے خارج کئے جانے کے بعد میں تکنیک کے متعلق فکرمند ہورہا تھا کیوں کہ آسٹریلیا میں مَیں دو مرتبہ بولڈ ہوا تھا لیکن یہ ایک معمولی سی خامی تھی جس پر میں نے محنت شروع کی۔ پنجاب کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں انھوں نے 17 گیندوں میں 32 رنز اسکور کئے جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل ہیں۔ جس کے بعد انھوں نے کہاکہ تکنیک میں جو معمولی خامی تھی اُس پر محنت کرنے کا مجھے صلہ ملا۔آسٹریلیا سے واپسی کے بعد میں نے اپنے کوچ پرشانت شیٹی سر او رپراوین آمرے سر کے ساتھ محنت کی۔