ٹیم میں منتخب ہونے کاجب فون آیا تھا میں نماز پڑھ رہا تھا:ندیم

   

رانچی۔22 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں اپنا زبردست مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کر لیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم نے اس حریف ٹیم کے خلاف ٹسٹ سیریز میں سبھی میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ رانچی ٹسٹ کے لئے ٹیم میں کلدیپ یادو کی جگہ طئے مانی جا رہی تھی، لیکن آخری وقت میں ان کے کندھے میں چوٹ لگ گئی۔ اس کے بعد رانچی ٹسٹ شروع ہونے سے ایک دن پہلے ہی اسپنر شہباز ندیم کو طلب کیا گیا جنہوں نے رانچی میں اپنے ٹسٹ کرئیر کا آغازکیا۔ اس میچ میں انہوں نے چار وکٹ لئے اور جنوبی افریقہ پر ایک اننگز اور 202 رن سے کامیابی میں اپنی اہم شراکت داری نبھائی۔ شہباز ندیم نے جنوبی افریقہ پر ٹیم کی تاریخی کامیابی کے بعد ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ ندیم کے لئے رانچی ٹسٹ کوئی عام مقابلہ نہیں تھا بلکہ یہ ان کی زندگی کے سب سے خوبصورت احساسات میں سے ایک تھا۔ یہ لمحہ اس لئے بھی خاص ہے کیونکہ ندیم کو ٹسٹ کرئیر کا آغاز کرنے کا موقع اپنے ہی گھریلو میدان پر ملا۔ ندیم کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے ہوئے 15 سال ہو گئے ہیں اور ان کے نام 400 سے زیادہ وکٹ درج ہیں۔ ندیم مسلسل گھریلو کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کر رہے تھے اور انہیں اس موقع کا کافی طویل وقت سے انتظار تھا۔ 30 سالہ ندیم نے ہندوستانی ٹیم کی شاندار کامیابی کے بعد کہا جب مجھے ٹیم میں منتخب کرنے کی اطلاع دینے کے لئے فون آیا تب میں نماز پڑھ رہا تھا۔ نماز پڑھنے کے بعد جب میں نے فون اٹھایا تو مجھے اس بارے میں پتہ چلا۔ تب دوپہر کے ڈھائی بج رہے تھے۔ ندیم نے کہا کہ میں زیادہ جذباتی اور پرجوش تھا لیکن اس کے بعد میں نے اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ مجھے میچ میں کیا کرنا ہے۔ شروعاتی تین گیندوں تک میں گھبرایا ہوا تھا لیکن اس کے بعد سب صحیح ہوگیا۔