ٹیم نے متحد ہوکر کامیابی حاصل کی:روہت شرما

   

ویلنگٹن۔3فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچواں اور آخری ون ڈے 35 رنز سے جیتنے اور سیریز 4-1 سے اپنے نام کرنے کے بعد اتوار کو کہا کہ یہ جیت ٹیم نے متحد ہوکر حاصل کی ہے ۔سیریز کے آخری دو میچوں میں وراٹ کوہلی کی جگہ کپتانی سنبھالنے والے روہت نے میچ کے بعد کہاکہ ھیملٹن میں چوتھے ون ڈے میں بڑی شکست کے بعد واپسی کرنا بہت ضروری تھا۔ ٹاس کے وقت میں نے کہا تھا کہ ہمیں ایک ٹیم کی طرح متحد ہونا ہے اور ہم نے یہ کر دکھایا۔روہت نے کہاکہ چار وکٹ جلدی گر جانے کے بعد یہ ضروری تھا کہ کوئی وکٹ پر ٹک کر کھیلے ۔ امباٹی رائیڈو اور وجے شنکر نے یہ کام کیا اور دونوں کے درمیان شراکت اہم رہی۔ جس طرح ہردک اور کیدار کھیلے وہ واقعی شاندار تھا۔ ہمارے تمام کھلاڑیوں نے غضب کا جذبہ دکھایا۔ گیند بازوں نے بھی اپنا کام بخوبی کیا۔کپتان نے ساتھ ہی کہاکہ وکٹ بعد میں فلیٹ ہوتا نظر آرہا تھا اور اوس کی وجہ سے ایسا لگ رہا تھا کہ ان کے لئے ہدف کا پیچھا کرنا آسان ہو جائے گا۔ لیکن ہمارے گیند بازوں نے بہتر دم خم دکھایا اور ہمیں فتح کی منزل پر پہنچایا۔روہت نے کہاکہ میں جانتا تھا کہ پچ میں کچھ نمی ہے ۔ اگر یہ سیریز کا فیصلہ کن میچ ہوتا تو میں دوسری اننگز میں بلے بازی کرنا پسند کرتا۔ آغاز میں چار وکٹ گنوانے کے بعد واپسی کرنا آسان نہیں تھا۔ اس پچ پر 250 کا اسکور تسلی بخش تھا۔ گیند بازوں نے ہمیں صحیح وقت پر کامیابی دلائی۔ سیریز میں 4-1 کی کامیابی پر روہت نے کہاکہ جب آپ میچ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو کامل توازن تلاش کرنا ہوتا ہے ، خاص طور پر اس کو دیکھتے ہوئے کہ جب جسپریت بمراہ آپ کے پاس نہیں ہے ۔ نیوزی لینڈ کو اس کے گھر میں ہرانا آسان کام نہیں تھا۔ ھم نے آج جو کامیابی حاصل کی ہے وہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔رائیڈو کو ان کے 90 رن کی اننگ کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ رائیڈو نے سیریز میں دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ 190 رنز بنائے ۔ سیریز میں ہندستان کی جانب سے نو وکٹ حاصل کرنے والے فاسٹ بولر محمد سمیع کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔