ٹیم کے انتخاب پر سابق کھلاڑیوں کی شدید تنقید

   

نئی دہلی ۔ ہندوستان کے سابق کرکٹرز ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے انتخاب پرشدید تنقید کی ہے۔ سابق آل راؤنڈر مدن لال نے کہا ہے کہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو کے ایل راہول کی فٹنس کا یقین ہی نہیں، ان کو کیا مسئلہ ہے اس کی وضاحت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شریاس ایرکی فٹنس کا بھی یقین نہیں ہے، ان دونوں نے مسابقی کرکٹ نہیں کھیلی ہے اور ان کرکٹرز کو میچ فٹنس ثابت کرنے پر اسکواڈ میں شامل کرنا چاہیے تھا۔ مدن لال نے اضمن میں مزید کہا ہے کہ نیٹ اور میچ میں بیٹنگ کرنا دو مختلف چیزیں ہیں، لیگ اسپنر چہل کو منتخب نہ کرنا حیران کن ہے۔ علاوہ ازیں سابق کپتان سوروگنگولی نے کہا ہے کہ میں ہوتا تو ہر صورت میں چہل کو ٹیم میں منتخب کرتا۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ جسپریت بمرا اور پرسدھ کرشنا ایک وقفے کے بعد ٹیم میں آرہے ہیں، یہ پریشان کن بات ہے۔عرفان پٹھان نے مزید کہا ہیکہ اب ہندوستان کو ایک اضافی بولرکے ساتھ کھیلنا ہوگا جو بیٹنگ بھی کرسکتا ہو، میرے اسکواڈ میں چہل ضرور ہوتا۔ سنجے منجریکر نے ٹیم کے انتخاب پرکہا ہے کہ مجھے کے ایل راہول کے انتخاب پر فکر مندی ہے وہ فٹ نہیں ہے، ان کو اور شریاس ایر کو ابھی زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اور روہت شرما کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا۔کے ایل راہول اور جسپریت بمرا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ویراٹ کوہلی، شْبمن گِل، شریاس ایر، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، ایشان کشن، ہردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، اکشر پٹیل اور شردل ٹھاکر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔اس کے علاوہ محمد سمیع، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور پرسدھ کرشنا اسکواڈ میں شامل ہیں۔جس بولر کے تعلق سے سب سے زیادہ تنقید کی جارہی ہے وہ اسپنر یوزویندر چہل ہیں ۔