ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ مظاہرہ کیا

   

نوجوان بیٹسمین شاہ رخ خان کی بیٹنگ اور بشنوئی کی بولنگ شاندار رہی :راہول

چینائی ۔ پانچ بار کی آئی پی ایل فاتح ممبئی انڈینس کے خلاف یہاں آئی پی ایل کے 17 ویں میچ میں بڑی کامیابی کے بعد پنجاب کنگز کے کپتان اورمین آف دی میچ رہے لوکیش راہول نے کہا کہ وہ خود کو بہت آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ وہ آہستہ آہستہ ایک ٹیم کے طورپر آگے بڑھ رہے ہیں۔ وہ ابھی بھی ایک نوجوان ٹیم ہیں اور اس میچ میں ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔راہول نے میچ کے بعد کہاہم ہرسال نئے کھلاڑیوں کو لاتے ہیں، اس لئے صبررکھنا ضروری ہے ۔ ہم نے جن کھلاڑیوں کی حمایت کی اورمواقع دئے ہیں وہ آہستہ آہستہ ابھررہے ہیں۔ دیپک ہڈا اچھاکھیل رہے ہیں۔ شاہ رخ کو موقع ملا اورانہوں نے اس موقع کا بخوبی فائدہ اٹھایا۔ وہ اچھی بیٹنگ کررہے ہیں۔ بشنوئی نے آج اپنے پہلے ہی میچ میں عمدہ بولنگ کی۔ مجھے یقین ہے کہ اس سے بشنوئی کا اعتماد بڑھے گا۔ بدقسمتی سے وہ ابتدائی مقابلے نہیں کھیل پائے ۔ وہ انیل بھائی (کمبلے ) کے ساتھ حقیقت میں سخت محنت کررہے ہیں۔ انہیں کچھ چیزوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت تھی اورآج انہوں نے بہادری سے بولنگ کی۔ یہ دیکھنا بہت اچھا تھا۔ انہوں نے اپنا ذہنی توازن قائم رکھا اوراچھی بولنگ کی۔پنجاب کے کپتان نے کہا شاید اب ہم آگے کی جانب بڑھنا جاری رکھ سکتے ہیں اوراگلے میچ میں دوپوائنٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ دوسری ا ننگز میں بیٹنگکے تعلق سے میری چیف کوچ کے ساتھ تھوڑی طویل بات چیت ہوئی تھی۔ مجھے لگاتھا کہ وکٹ پر اوس رہے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ میرے حساب سے بولنگ ہمیشہ دباو میں رہے ۔ یہ اہم تھا کہ ہمارے بولرز اس طرح کی وکٹ پر پہلے بولنگ کریں۔ ہم نے سنا تھا کہ یہاں بہت اوس رہتی ہے ، اس لئے مجھے لگاکہ میں یہاں ایک اہم کردار اداکرسکتاہوں۔ سیدھی گیندوں کو کھیلنا آسان تھا، لیکن جب گیند گھوم رہی تھی اوراچھل رہی تھی توکھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔ اچھی بات یہ تھی کہ اس وقت کرس گیل کریزپرمیرے ساتھ تھے ۔ گیل نے اچھا اعتماددکھایا۔ انہیں معلوم ہے کہ کس بولر کے خلاف جارحانہ رویہ اختیارکرنا ہے ۔ گیل کے ساتھ آپ کو اسی کا فائدہ ملتا ہے ۔ وہ نہ صرف خطرناک بیٹنگ کرتے ہیں، بلکہ انہیں ٹی20 کرکٹ کھیلنے کا کئی برسوں کا تجربہ بھی ہے ۔ جب مجھے معلوم ہوتا ہے کہ میں کس ہدف کا تعاقب کررہاہوں تو اننگز کو رفتاردینا تھوڑاآسان ہوجاتا ہے ۔ میں نے جس طرح سے کھیل کو ختم کیا ہے اس سے خوش ہوں اور یہ سب سے اہم چیز ہے ۔